نلہ کنٹہ میں عادی سارق گرفتار

مسروقہ مال ضبط، ملزم کی عدالت میں پیشکشی
حیدرآباد 22 مارچ (سیاست نیوز) نلہ کنٹہ پولیس نے ایک عادی سارق کو گرفتار کرتے ہوئے اُس کے قبضہ سے لاکھوں روپئے مالیتی مسروقہ طلائی زیورات اور نقد رقم برآمد کرلی۔ پولیس نے بتایا کہ 43 سالہ پی آنند کمار عرف نندو ساکن گنگا باؤلی باغ عنبرپیٹ دن کے اوقات میں مقفل مکانات کو نشانہ بناتے ہوئے طلائی زیورات اور نقد رقم کا سرقہ کیا کرتا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ آنند کمار نے نلہ کنٹہ علاقہ میں سرقہ کی ایک سنگین واردات انجام دی تھی اور پولیس نے اندرون 24 گھنٹے اُسے گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی۔ پولیس نے عادی سارق کے قبضہ سے 25 تولے طلائی زیورات اور 4 لاکھ 57 ہزار نقد رقم برآمد کرلی۔ مذکورہ عادی سارق شہر میں 20 سے زائد سرقے کی وارداتوں میں ملوث ہے اور اُسے سابق میں رچہ کنڈہ، سائبرآباد اور نلگنڈہ ضلع پولیس نے بھی گرفتار کیا تھا۔ گرفتار سارق کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا۔