حیدرآباد /4 جون ( سیاست نیوز ) سائبرآباد پولیس نے نقلی کرنسی کے ایک بین ریاستی ٹولی کو بے نقاب کردیا جو غریب چھوٹے بیوپاریوں اور ٹھیلہ بنڈی کے کاروباری افراد کو دھوکہ دے رہی تھی ۔ ملکاجگیری پولیس نے ایک کارروائی کے دوران 9 افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ اس ٹولی کے مزید 6 افراد مفرور بتائے گئے ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ملکاجگیری محترمہ راما راجیشوری نے ایک پریس کانفرنس کے دوران گرفتار افراد کو میڈیا کے روبرو پیش کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ نقلی نوٹوں کا کاروبار کرنے والے یہ افراد غریب کاروباریوں ، ٹھیلہ بنڈی اور چھوٹے بیوپاریوں کو نشانہ بنارہے تھے ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے ایک ہزار کی نوٹوں پر مشتمل دیڑھ لاکھ روپئے نقلی کرنسی 20 ہزار اصلی کرنسی 7 سیل فون کو ضبط کرلیا ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ جھارکھنڈ ریاست سے تعلق رکھنے والی ٹولی حیدرآباد کے چند سرغنوں کے ہمراہ نقلی نوٹوں کا کاروبار کر رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ 25 سالہ سید علی 20 سالہ ابوبکر شیخ 23 سالہ سلطان شیخ 23 سالہ عالمگیر عالم عرف بہادر 20 سالہ شمیم شیخ ساکنان جھارکھنڈ کے علاوہ 32 سالہ ضیاء الحق ساکن مغربی بنگال 26 سالہ کے ملاریڈی اور 57 سالہ شیخ سلطان ساکنان کیسرا کو گرفتار کرلیا ۔ جبکہ اس ٹولی کے دیگر افراد بشمول اصل سرغنہ سبحان شیخ ، نصیر ، راج محمد اور کے رام ریڈی مفرور بتائے گئے ہیں ۔ پولیس ملکاجگیری نے ان افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ہے ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے اسکیانر ، جٹ پرنٹٹر ، ایل سی ڈی مانیٹر و دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا ۔