نقلی انجن آئیل کی فروختگی پر ایک شخص گرفتار

حیدرآباد ۔ /12 مارچ (سیاست نیوز) نقلی انجن آئیل کی تیار اور فروخت کرنے میں ملوث ایک شخص کو ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے بموجب 54 سالہ اوم پرکاش اگروال ساکن چار محل پیٹلہ برج جو پیشہ سے انجن آئیل کا تاجر ہے اور مہاراج گنج افضل گنج علاقہ میں اگروال ٹریڈنگ کارپوریشن کے نام پر دوکان چلارہا تھا ۔ کاروبار میں پیش آئے نقصان سے پریشان پرکاش اگروال نے مشہور انجن آئیل کمپنیوں کیسٹرال ‘ سروو اور دیگر برانڈ کے نقلی انجن آئیل تیار کرنا شروع کیا ۔ اگروال افضل گنج کی مارکٹ سے سستا انجن آئیل خرید کر انہیں خالی بوتلوں میں بھرنے کے بعد مشہور آئیل کمپنیوں کے اسٹیکرس نصب کرکے انہیں سستے دام میں فروخت کرتا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ اگروال دہلی کے گوپال اور ممبئی کے موہن کی مدد سے اس نے نقلی انجن آئیل تیار کرنے اور اسے فروخت کرنے کا کاروبار شروع کیا تھا ۔ ٹاسک فورس پولیس نے اگروال ٹریڈنگ کارپوریشن پر دھاوا کرتے ہوئے وہاں سے بھاری مقدار میں نقلی انجن آئیل برآمد کرلیا اور گرفتار شخص کو چارمینار پولیس کے حوالے کردیا ۔