مودی کے سوٹ کا نیلام، مارکیٹنگ کی حکمت عملی: عام آدمی پارٹی
نئی دہلی ۔ 18 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج وزیراعظم نریندر مودی پر اپنا سوٹ نیلام کیلئے رکھنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ نیلام ’’نقصانات کے ازالہ‘‘ کی کوشش ہے۔ متنازعہ سوٹ کے نیلام کی مخالفت کرتے ہوئے پارٹی نے مطالبہ کیا کہ نیلام کا عمل فوری روک دیا جانا چاہئے اور سوٹ توشہ خانہ میں محفوظ کروادینا چاہئے ۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری اجئے ماکن کا یہ ردعمل سورت کے پارچہ جات کے تاجر راجیش جونیجا کی سوٹ کے نیلام میں ایک کروڑ 21 لاکھ روپئے کی بولی دینے کے بعد منظر عام پر آیا ہے۔ دریں اثناء عام آدمی پار ٹی نے نیلام پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ نیلام وزیراعظم نریندر مودی کی تشہیر کا ایک منصوبہ ہے۔ سینئر پارٹی قائد اشوتوش نے کہا کہ مودی اور بی جے پی نے مارکیٹنگ کی حکمت عملی اچھی طرح سیکھ لی ہے اور اسے مودی کی تشہیر کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔