نقد رقم کیلئے عوام کو غیر معمولی مشکلات

یلاریڈی کے بنکوں میں نوٹوں کی قلت، اے ٹی ایم کرنسی سے خالی

یلاریڈی /20 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) یلاریڈی ڈیویژن کے تمام منڈلوں کے بینکوں میں نقد رقم کیلئے عوام کا غیر معمولی اژدھام دیکھا جارہا ہے ۔ لیکن کسی بینک میں عوام کی طلب کے موافق رقم نہیں ہے ۔ جس سے بینک ذمہ داران کھاتہ داروں کو شرائط لاگو کرنے رقم کچھ ادا کر رہے ہیں جس سے عوام میں شدید برہمی پائی جاتی ہے ۔ عوام کو اپنی جمع رقم کیلئے اس قدر مشکلات کا سامنا کرنا انہیں حکومت کے رویہ پر انتہائی برہم ہوتا دیکھا گیا ۔ کئی بینکوں میں کرنسی صرف نکالی جارہی مگر کوئی کھاتہ دار جمع کرواتا نظر ہی نہیں آرہا ہے جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ عوام کا اب مکمل بنکوں پر سے اعتماد اٹھ چکا ہے اور عوام اپنی رقم بینکوں میں غیر محفوظ محسوس کرنے لگے ہیں ۔ نوٹ بندی کے اثرات آج تک ملک پر تباہی مچا رکھی ہے ۔ مرکزی حکومت کو اندازہ نہیں نوٹ بندی کا ایک غلط فیصلہ ملک کے بینکنگ نظام کو درہم برہم کرکے رکھ دیا ہے اور نوٹوں کا زوال بینکوں کا مقدر بن چکا ہے ۔ موجودہ دنوں میں ہر علاقہ میں شادیوں کا موسم چل رہا ہے جس کیلئے عوام کو اپنی جمع رقم میں سے خاص رقم کی ضرورت ہوتی ہے جو متعلقہ بینک انہیں دینے سے قاصر ہے ۔ کرنسی کی قلت ایک ایسا سنگین مسئلہ بن چکا ہے جس کا حل نظر ہی نہیں آتا ۔ کچھ بھی ہو بینکوں میں عوام کا غیر معمولی ہجوم اور کرنسی کی قلت بینک ذمہ داران کیلئے درد سر بن گیا ہے ۔ یہی حال اور کچھ دن رہا تو بینک سے عوام کا رابطہ مکمل ختم ہوجائے گا کیونکہ عوام کو رقم جمع کیلئے بینک کا بھروسہ صد فی صد ختم ہوچکا اور بینک بحال ہوں بھی تو کس طرح ایک معمہ سے کم نہیں ۔