نقد انعام کیلئے کیچ،شائقین کے زخمی ہونے کا خطرہ

مائونٹ مانگنوئی۔4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ میں محدود اوورز کے میچز میں نقد انعام کیلیے کیچ تھامنے کی کوشش کرنے والے شائقین کے زخمی ہونے کا خطرہ بڑھ گیا۔تفصیلات کے مطابق ایک اسپانسر نے چھکے کی صورت میں اسٹینڈ میں جانے والی گیند کوایک ہاتھ سے تھامنے والے شائق کو 50 ہزار ڈالر انعام کا اعلان کیا ہے۔ ویسٹ انڈیز سے تیسرے ٹوئنٹی 20 میں کولن منرو کے چھکے پرایک شائق نے گیند کو بائیں ہاتھ میں کیچ کرتے ہی کنٹرول کیلیے دائیں ہاتھ کی جانب اچھال کر خوشی کا اظہار کیا لیکن بعد میں اسپانسر کی جانب سے کہا گیا کہ ایک ہاتھ سے کلین کیچ نہیں ہوسکا، اس کوشش میں ان کا ہاتھ زخمی ہوا، ایک مرتبہ گیند آئی تو اسٹینڈ میں موجود بہت سے تماشائی اس جانب لپکے،ایک اور چھکے پر ایک شخص کیچ تھامنے کی کوشش میں اگلی قطار میں بیٹھی ایک خاتون پر جاگرا جس پر اس کا ساتھی غصے میں آگیا۔نیوزی لینڈ کرکٹ اوراسپانسر ادارے نے اعلان کیاکہ اگلے میچ سے قبل تماشائیوں کو زخمی ہونے سے بچانے کیلیے نئی شرائط عائد کی جائیں گی۔