نظام آباد:13؍ فرور ی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد ٹیچرس کی نمائندہ تنظیم پی آرٹی یو کا پہلا ریاستی عاملہ کا اجلاس 15؍ فروری بروز اتوار بوقت صبح10بجے نیو امبیڈ کر بھون نظام آباد میں زیر صدارت ریاستی صدروینکٹ ریڈی منعقد ہوگا۔ اس اہم ترین اجلاس میں ٹیچرس ایم ایل سیز جناردھن ریڈی، پی رویندرکے علاوہ سابق ایم ایل سی موہن ریڈی شرکت کرینگے۔ ریاستی جنرل سکریٹری سروتم ریڈی تنظیم کی کارکردگی پر تفصیلی رپورٹ پیش کرینگے۔ ٹیچرس تنظیم پی آر ٹی یو کے قائدین کملا کر رائو، شنکر، خواجہ معین الدین، سید احمد بخاری، کشن، عارف الدین، افضل بیگ، اسرار احمد، الیاس، جاوید علی نے بتایا کہ اس اہم ترین اجلاس میں ریاست تلنگانہ کے دس اضلاع سے تعلق رکھنے والے ضلع صدور اور جنرل سکریٹریز شرکت کرینگے۔ اس اجلاس میں ٹیچرس کے مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ جس میں اسپیشل ٹیچرس جو کہ ماہانہ صرف 398 روپئے تنخواہ پر کام کرچکے ہیں۔ انہیں نوشنل انکریمنٹ کے علاوہ پنچایت راج ٹیچرس کو 300 دن HPL کی ادائیگی، یکساں سرویس رولز، ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسروں ، منڈل ایجوکیشنل آفیسروں، ڈائیٹ لکچررس، جونیئر لکچررس کی مخلوعہ جائیدادوں پر ترقی کے ذریعہ بھرتی، ٹیچرس کا ریشنلائزیشن اور تبادلوں کے علاوہ لنگویج پنڈتوں تلگو، ہندی، اُردو فزیکل ٹیچرس کی جائیدادوں کو اپ گریڈ کرنا شامل ہیں۔ ٹیچرس کے قائدین نے امید ظاہر کی کہ ریاستی چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر رائو ٹیچرس کے تمام مسائل جو کہ ٹیچرس تنظیم پی آرٹی یو کی ریاستی عاملہ کے اجلاس مین پیش کئے جائیں گے ۔یکسوئی کرینگے۔