نظام کالج میں ایمسیٹ و آئی سیٹ 2014 کوچنگ برائے اقلیتی طبقات

کورس میٹریل کی رسم اجراء تقریب ، پروفیسر ستیہ نارائنا ، سید عمر جلیل ، ایس اے شکور و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔7مئی(سیاست نیوز) پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سنٹرل فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف میناریٹز عثمانیہ یونیورسٹی نے اقلیتوں کے لئے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے فراہم کی جانے والی رعایتوں بالخصوص تعلیمی میدان میںاقلیتی طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کو قابلِ ستائش اقدام قراردیا۔ سی ای ڈی ایم کی جانب سے ایم سیٹ اور آئی سیٹ کے مفت تعلیمی مواد کی تقسیم کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ایس اے شکور نے کہاکہ ریاست کے میناریٹی ویلفیر محکموں نے اقلیتوں کی فلاح وبہبود کے لئے درکار فنڈ حاصل کرنے میں حتی الامکان کامیابی حاصل کی ہے انہوں نے اس فنڈ کے خاطر خواہ استعمال کو یقینی بنانے کے لئے متعلقہ محکموں کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا ۔ جناب ایس اے شکور نے کہاکہ سی ای ڈی ایم ہر سال کی طرح سال2014کے لئے مفت کوچنگ برائے ایم سیٹ و آئی سیٹ 2014کا اہتمام کیا ہے انہوں نے مزید کہاکہ چار سوسے زیادہ طلباء وطالبات نے مفت کوچنگ کے لئے اپنا نام رجسٹر کروایا ہے ۔ حسبِ سابق اس سال بھی ایم سیٹ اور ائی سیٹ امتحانات سے دس یوم قبل اس قسم کے کوچنگ سنٹرقائم کرتے ہوئے ایم سیٹ اور آئی سیٹ میں داخلوں کے خواہش مند اقلیتی طلبہ کو مفت سہولت فراہم کی گئی ہے۔

جناب ایس اے شکور نے مزید کہاکہ ایم سیٹ 2014کے لئے مفت تربیتی مراکز حیدرآباد کے علاوہ ‘ ظہیر آباد‘ نظام آباد‘ کریم نگر‘ محبوب نگر‘ کرنول‘ کدری‘پرودتور‘ گنٹور اور وشاکھاپٹنم میںقائم گئے ہیں جہاں سے 450طلباء و طالبات استفادہ کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ آئی سیٹ 2014کے لئے حیدرآباد کے علاوہ کرنول‘ گنٹور‘ وشاکھاپٹنم کے سنٹرز پرچار سو طلبہ نے داخلہ لیا ہے اور وہاں21مئی سے مفت کوچنگ شروع ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ مفت کوچنگ کے ساتھ ساتھ تعلیمی موادبھی سنٹر کی جانب سے فراہم کیاگیا ہے جو طلبہ کے لیے مددگارثابت ہوگا۔جناب سید عمر جلیل آئی اے ایس واسپیشل سکریٹری آندھرا پردیش میناریٹی ویلفیر ڈپارٹمنٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولتوں

سے استفادہ کرنے کی طلباء وطالبا ت سے اپیل کی۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی اسکیمات کو روبعمل لانے کے لئے سی ای ڈی ایم کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات اقلیتی طلبہ کے لئے مددگار ثابت ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح خانگی تعلیمی ادارے نمایاں نمبرات سے کامیابی حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کے تصاویر کے ساتھ جس طرح اشتہارات دیکر اپنے تعلیمی اداروں کی ستائش کرتے ہیںاسی طرح محکمہ میناریٹی ویلفیر بھی سی ای ڈی ایم کی نگرانی میںایم سیٹ وآئی سیٹ کے علاوہ دیگر مسابقتی امتحانات میںنمایاں نمبرات حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کے تصویری اشتہارات دیکرطلبہ کی ہمت افزائی کرے گا۔وائس چانسلرعثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر ایس ستیانارائنہ‘پرنسپل نظام کالج پروفیسر ٹی ایل این سوامی نے بھی اس موقع پر خطاب کیاتقریب کی کاروائی شیخ چاند ساجد سینئر پراجکٹ آفیسر سی ای ڈی ایم نے چلائی جبکہ اختتامی کلمات سید اسرار احمد نے ادا کئے بعد ازاں مہمانوں کے ہاتھوں ایم سیٹ و آئی سیٹ کوچنگ کے لئے تعلیمی مواد کی طلباء وطالبات میںمفت تقسیم عمل میں آئی۔