بودھن۔یکم جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیرمین بلدیہ بودھن مسٹر ایلیا کی صدارت میں آج مجلس بلدیہ بودھن کے اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا ۔ ارکان بلدیہ خواجہ شرف الدین میر نذیر علی ( ٹی آر ایس ) اور مشتاق احمد راشد ایم آئی ایم کے خلاف کمشنر بلدیہ مسٹر دیویندر کی طرف سے پولیس میں کیس درج رجسٹرڈ کروانے پر کانگریس ‘ ٹی آر اس اور ایم آئی ایم کے ارکان بلدیہ نے شدید احتجاج منظم کرتے ہوئے اجلاس کا بائیکاٹ کیا ۔ اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی بی جے پی کے راما راجو ‘ روی اور دھرمپوری کے علاوہ کانگریس پارٹی کے عابد سیٹھ اور دامودھر ریڈی نے نظام دکن شوگر فیاکٹری کو اچانک بند کردینے کے حکومت کے فیصلے پر احتجاج کرتے ہوئے صدرنشین بلدیہ کے شہ نشین کے سامنے بیٹھ گئے اور فیاکٹری کی کشادگی کے علاوہ ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنے پر مبنی قرارداد حکومت کو روانہ کرنے چیرمین بلدیہ کو مکتوب حوالے کیا ۔بعد ازاں تین ارکان بلدیہ کے خلاف پولیس میں مقدمہ درج رجسٹرڈ کروانے کے بلدی انتظامیہ کے فیصلے پر برہم فلور لیڈر ٹی آر ایس پارٹی اعجاز خان ‘ خواجہ شرف الدین ‘ نظیرعلی ڈبو ‘ شیخ اطہر اور نائب صدرنشین بلدیہ قدیر خان مشتاق نے کمشنر بلدیہ اور چیرمین پر برہمی کا اظہار کیا ۔ چیرمین بلدیہ نے برہم ارکان بلدیہ کو خاموش کرنے کی کوشش میں ایم ایل اے جناب شکیل عامر اور ان کے درمیان مذکورہ معاملہ کے تعلق سے ہوئی بات چیت سے کونسلرس کو واقف کرواتے ہوئے بتایا ۔ اس مقدمہ کے تعلق سے ایم ایل اے بودھن سی ڈی کا مکمل مشاہدہ کرنے کے بعد فیصلہ لیں گے ۔ ٹی آر ایس فلور لیڈر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کونسل میں عدم موجود رکن اسمبلی کا نام لیکر کونسل اور ایم ایل اے کی نیک نامی چیرمین متاثر کررہے ہیں ۔ اعجاز خان نے کہا کہ ان کے بلدی حلقہ نمبر دو میں تقریباً 45خاندان محکمہ مال اور بلدیہ کی انہدامی کارروائی کے دوران بے گھر ہوگئے لیکن چیرمین بلدیہ تاحال ان بے گھر مسلم خاندانوں کے تعلق سے ان کی حالت زار کے تعلق سے واقف ہونا گوارہ نہیں کیا لیکن چیرمین بلدیہ بلدی حلقہ نمبر 9 میں ایک سیاسی جماعت کی طرف سے قائم کردہ قدیم چبوترے کو منہدم کرنے پر ایک بلدی ملازم کو معطل کردیا ۔ اعجاز خان نے چیرمین بلدیہ پر من مانی چلانے کا الزام عائد کیا ۔ عابد سیٹھ کانگریس پارٹی نے قانون حق معلومات کے تحت ان کی جانب سے پیش کردہ درخواستوں کے جوابات نہ دینے کا کمشنر بلدیہ پر الزام عائد کیا ۔ نائب صدرنشین بلدیہ قدیر خان نے ڈگری کالج اردو میڈیم کی عمارت تعمیر کرنے مختص کردہ اراضی پر واکنگ ٹریک تعمیر کرنے کے چیرمین بلدیہ کے فیصلے کی شدید مخالفت کی ۔ خواجہ شرف الدین ‘ میر نذیر علی ڈبو اور مشتاق احمد نے ان کے خلاف پولیس میں مقدمہ درج رجسٹرڈ کرنے پر کمشنر بلدیہ اور چیرمین پر انہیں بلیک میل کرنے کا الزام عائد کیا اور مذکورہ ارکان بلدیہ نے کہاکہ وہ شہریان بودھن کے مسائل کی یکسوئی تک اپنا احتجاج جاری رکھیں گے ۔چیرمین بلدیہ نے بغیر کوئی کارروائی کے اجلاس ملتوی کردیا ۔