نظام آباد میں طلبہ کے تقریری مقابلے

نظام آباد۔27 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع نظام آبادکا مرکزی مدرسہ ادارہ مظہر العلوم ٹرسٹ آٹو نگر جہاں شعبۂ عالمیت کے ابتدائی چار سال کی تعلیم و تربیت کا بہترین نظم ہے ۔ طلباء عا لمیت کے اندر تقریر وخطابت کے ملکہ کو پروان چڑھانے کی غرض سے ہرہفتہ انجمن اصلاح اللبیان کے نام سے خطابات ومواعظ کا سلسلہ چلتاہے کل اسی انجمن کے سلسلہ کی آخری سالانہ کڑی کے طورپر ایک مسابقہ تقریر منعقد کیاگیا۔ جس میں علم دین کی اہمیت وفضیلت، حضورؐ کے اخلاق حسنہ اتباع سنت کی اہمیت و برکات، والدین کا مقام اور ہمارا معاشرہ، جنگ آزادی میں مسلمانوں کا کردار، ٹی وی موبائیل انٹرنیٹ کے مضمرات اور تراویح 20 رکعت مسنون ہے کے اہم اور سلگتے ہوئے عناوین پر تقاریرہوئیں عالمیت کے طلباء نے بہت اچھا اورعمدہ طرز خطابت میں مواد پیش کیا۔ مولانا سید ولی اللہ قاسمی ناظم ادارہ ہذا نے صدارت کی ۔ مولانا عبدالرقیب صاحب قاسمی امام وخطیب مدینہ مسجد بانسواڑہ، مولانا مفتی شیخ عبدالمبین قاسمی ، استاد عربی ادارہ انوارالمدارس کو مدعو کیاگیاتھا ۔ مذکورہ دونوں حضرات کے فیصلہ کے بعد علی الترتیب درج ذیل طلباء کو اول انعام کا مستحق قرار دیاگیا۔ حافظ محمد ایوبی درجہ اعدادیہ شیخ محمد رفیق دیگلور اعدادیہ ،سید مصطفی کمال مٹ پلی اول عربی، محمد قمر الدین اول عربی، محمد عبدالقدیر بانسواڑہ اول عربی، محمد عبدالماجد بھینسہ دوم عربی، حافظ شیخ مبین مالاپلی نظام آباد سوم عربی نے حصہ لیا۔ اس موقع پر مفتی عبدالماجد قاسمی نے تمام تر ذمہ داریوں کو بحسن وخوبی انجام دیتے ہوئے مہمانوں کا استقبال کیا۔ مولنا مفتی محمودابوالحمود قاسمی ، مولانا عبدالقیوم شاکر القاسمی ، مولانا عبدالصمد حسامی، حافظ سید لقمان صاحب دیگر حضرات نے تمام ہی طلباء بطور خاص اس مسابقہ میں اول انعام یافتہ طلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے قابل تحسین قرار دیا۔