دوسگے بھائی کے قتل واقعہ پر پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان
نظام آباد :22؍ جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)آپسی مخاصمت کی بناء پر ایک گروپ نے دوسرے گروپ پر مہلک ہتھیاروں سے حملہ کرنے کے نتیجہ میں دو سگے بھائی ہلاک ہوگئے ۔ تفصیلات کے بموجب نظام آباد کے دبہ سے تعلق رکھنے والے پون کلیان یادو ، نرسنگ یادو دونوں سگے بھائی ہے اور تلوار سائی رنجیت ، پریم کمار ، پون کمار یہ تمام افراد ساتھی ہے اور ان کے درمیان گذشتہ چند ماہ سے ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کی چکر میں جھگڑے ہورہے تھے نرسنگ یادو اور پون کمار نے تین ماہ قبل تلوار سائی پر حملہ کیا تھا اور اس روز سے ان دونوں کے درمیان آپسی مخاصمت چل رہی تھی اور ان افراد پر مقدمہ بھی درج ہوا تھا اور حال ہی میں ان کے درمیان صلح بھی ہوئی تھی لیکن دلوں میں مخاصمت تھی ۔ کل شام ریلوے اسٹیشن کے علاقہ میں واقع ریلوے اسکول میدان میں ایک ساتھی کا برتھ ڈے تھا جس پر تلوار سائی اور رنجیت نے پون کلیان یادو کو فون پر ریلوے اسٹیشن میدان پہنچنے کی اطلاع دی تھی اور تلوار سائی پوری تیاری کے ساتھ ان کا انتظار کررہا تھا ۔ نرسنگ یادو اور پون کلیان یادو دونوں بھائی یہاں پہنچتے ہی تلوار سائی نے مہلک ہتھیاروں سے اس پر حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں نرسنگ یادو برسرموقع ہلاک ہوگیا ۔ پون کلیان یادو کو شدید زخمی حالت میں دواخانہ منتقل کیا جارہا تھا کہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔ اس منظر کی فوٹو کشی کرنے والے ایک شخص پریم کمار پر بھی تلوار سائی نے حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں یہ شدید زخمی ہوگیا ۔اطلاع کے ملتے ہی IIIٹائون پولیس یہاں پہنچ کر حالت کا جائزہ لیا اور نعش کو دواخانہ منتقل کیا ۔ سرکل انسپکٹر نریش کے علاوہ اے سی پی سدرشن نے بھی سرکاری دواخانہ کا دورہ کیا ۔ تلوار سائی نے اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کردیا ۔ اس واقعہ کے بعد اس علاقہ میں کشیدگی پیدا ہونے پر پولیس نے دبہ اور حمال واڑی میں پولیس پیکٹس کو تعینات کردیا۔ شہر میں بڑھتے ہوئے روڈی ازم پر عوام کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے اور پولیس کی کارکردگی پر سوال اٹھائے جارہے ہیں ۔ اس خصوص میں پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔