نظام آباد کی ترقی کیلئے جنگی خطوط پر اقدامات

ایم پی کویتا کا تیقن ، شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ
نظام آباد۔3 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن پارلیمنٹ نظام آباد شریمتی کے کویتا نے آج میونسپل کارپوریشن نظام آباد میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ شریمتی کے کویتا نے آج مئیر نظام آباد آکولہ سجاتا، ٹی آرایس کے کارپوریٹرس ویشالنی ریڈی،سدم لکشمی، مرلی، ٹی آرایس قائدین ایس اے علیم، نوید اقبال صدر ضلع اقلیتی سیل ٹی آرایس، میونسپل کمشنر وینکٹیشورلو، ڈپٹی ای ایز ایم اے رشید، ساجد کے علاوہ حیدرآباد سے آئے ہوئے خصوصی عہدیداروں کے ہمراہ آج میونسپل کارپوریشن کے ونائیک نگر، حیدرآباد روڈ، گنیش باولی، احمد پورہ کالونی، ارسہ پلی، دبہ ، گنگاستھان، ناگارام کے علاوہ دیگر علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے تفصیلی جائزہ لیا ۔ انہوں نے اقلیتی علاقوں میں واقع D54کنال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ D54 کنال کے قبضوں کے بارے میں تفصیلات حاصل کی۔ احمد پورہ کالونی پہنچ کر D54 کنال کا جائزہ لینے پر مقامی افراد نے کچرے کی عدم نکاسی، سڑکوں کی خستہ حالت کی شکایت کی اور رحمانیہ مسجد کے علاقہ میں واقع روبرو سڑک کی خستہ حالت کے بارے میں مقامی افراد کی جانب سے کی گئی شکایت پر رکن پارلیمنٹ نے سڑک کی تعمیر کا تیقن دیا۔ شریمتی کے کویتا نے انڈر گرائونڈ ڈرینج کے بارے میں بھی تفصیلی جائزہ لیا اور ڈمپنگ یارڈ پہنچ کر بھی معائنہ کیا ۔D54 کنال ڈیویژن نمبر 30,31,29,26,27 اور 10سے ہوتے ہوئے گذرتی ہے اور اس کی نکاسی کی گئی تو عوام کیلئے بے حد فائدہ مند ہوگا۔  بعدازاں انہوں نے میونسپل کارپوریشن آفس پہنچ کر عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انڈر گرائونڈ ڈرینج، مکانات پر نمبرات کے اندراج اور آبی سہولتوں، کچرے کی نکاسی کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے اس خصوص میں کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں عہدیداروں سے تفصیلی جائزہ لیا۔ بعدازاں آراینڈ بی گیسٹ ہائوز میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ٹی آرایس اقتدار میں آنے سے قبل شہر کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے اقدامات کرنے کا عوام کو تیقن دیا تھا اس خصوص میں جائزہ لیتے ہوئے جنگی خطوط پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ شریمتی کے کویتا نے کہا کہ نظام آباد شہر کے مکانات پر نئے نمبرات کے اندراج کیلئے بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ نظام آباد میں 1973 کے ماسٹر پلان کی عمل آوری کی جارہی ہے۔ جدید ماسٹر پلان کی عمل آوری کیلئے فیصلہ کیا گیا ہے اور میونسپل کارپوریشن کے اجلاس میں اس کی منظوری حاصل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نظام آباد شہر میں 40 ہزار غیر مجاز نلوں کے کنکشن ہے ان کنکشنوں کو ریگولرازڈ کرنے کیلئے فیسوں کی ادائیگی کی عوام سے خواہش شہر میں 43 ایکر پر ڈمپنگ یارڈ واقع ہے اور کچرے کی حصول کے ذریعہ کچرے کی نکاسی کو انجام دینے کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ سڑکوں کی خستہ حالت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر سے قبل انڈر گرائونڈ ڈرینج کی تعمیر اور ڈرینس کی تعمیر کو یقینی بنانے کے بعد سڑکوں کی تعمیر کیا گیا تو بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ D54 کنال پر واقع غیر مجاز قابضین کی برخواستگی کے علاوہ D54 کنال سے کسانوں کو پانی کی سربراہی کے بارے میں محکمہ ایریگیشن سے رائے حاصل کی جارہی ہے D54کنال سے کسانوں کو پانی کی سربراہی بند ہوجانے کی صورت میں ڈرینس کیلئے استعمال کرنے کی صورت میں صفائی کے انتظامات کے علاوہ مچھرں کی افزائش میں کمی ہوگی اور بنیادی سہولتوں کی تکمیل کرتے ہوئے آئندہ سال تک اسمارٹ سٹی قیام کیلئے کوشش کی جائے گی۔ شہر نظام آباد میں آنے والے دنوں میں پانی کی قلت کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں شریمتی کے کویتا نے کہا کہ گذشتہ سال پانی کی سربراہی کے مسئلہ پر قبل از منصوبہ بندی کرتے ہوئے ماہ نومبر ہی اقدامات کئے گئے تھے جس کی وجہ سے موسم گرما میں پانی کی قلت پیدا نہیں ہوئی اس مرتبہ بھی پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے قبل از اقدامات کئے جارہے ہیں کیونکہ نظام آباد کے پارلیمانی حلقہ نظام آباد، آرمور، جگتیال میں آبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے مہاراشٹرا کے دورہ کے موقع پر چیف منسٹر مہاراشٹرا سے گوداوری سے 2ٹی ایم سی پانی سری رام ساگر پراجیکٹ کو چھوڑنے کیلئے نمائندگی کی گئی ہے اور اس کے علاوہ بورویلس کی مرمت، نئے بورویلس کی کھدوائی، زائد ٹینکرس کے ذریعہ پینے کے پانی کی سربراہی کو انجام دینے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ سستی شراب کے بارے میں ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر رائو نے مختلف تنظیموں کی جانب سے کی گئی اپیل پر اس سال سستی شراب کی پالیسی پر عمل آوری کو ملتوی کردیا ہے انہوں نے کہا کہ مکمل نشہ بندی عائد کی گئی تو بہتر ہوگالیکن یہ کام اتنا آسانی سے حل ہونے والا نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نظام آباد سرکاری دواخانہ اور میڈیکل کالج کیلئے 90 کروڑ روپئے چیف منسٹر نے خصوصی طورپر منظور کرتے ہوئے تمام سہولتوں کی فراہمی کیلئے اقدامات کیا ہے اور مکمل سہولتوں کی فراہمی کیلئے بھی کوششیں جاری ہے۔اس موقع پر طارق انصاری، عمران شہزاد، یٰسین صابری، عمر ستار، مجاہد علی ببو، اختر احمد، فہیم قریشی کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔