نظام آباد میں غریبوں کو بلا سودی قرضوں کی اجرائی

نظام آباد:30؍ مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)یہ اللہ تعالیٰ کا فضل و کرم ہے کہ دی اسلامک ویلفیر سوسائٹی نظام آباد غریب و ضرورت مند لوگوں کی مدد کرنے کا جو بیڑہ آج سے چار سال قبل اللہ تعالیٰ کی مدد کے بھروسے پر اٹھایاتھا اور رب کریم کی مدد بھی شامل حال رہی کہ یہ سودی قرض میں مبتلا لوگوں کو سود کی لعنت سے نکالنے کیلئے حتی المقدور کوشش کی ہے۔ حدیث پاک ہے کہ کوئی بندہ کسی ضرورتمند کی اچانک مدد کرتاہے اللہ تعالیٰ بھی آخرت میں اس کو اچانک جنت کی بشارت دیتاہے۔ کسی ضرورتمند کو تسلی بھی دے اور اس کو قرض سے نجات کیلئے اس کی مدد بھی کی جائے تو یہ دوہرے اجر کا باعث بنتاہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر سوسائٹی عبدالرحمن دائودی نے سوسائٹی کے بنیادی ارکان کے سالانہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آپ نے تمام ممبران کے حق میں دعا کی کہ آپ تمام کی کوششوں اور کاوشوں کے نتیجے میں سوسائٹی اپنی ترقی کی طرف گامزن ہے ۔ سکریٹری دی اسلامک ویلفیر سوسائٹی نظام آباد سید ریاض تنہا نے سالانہ رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ میں انہوں نے کہاکہ سوسائٹی نے اپنے قیام سے اپنے کم وسائل کے باوجود 175افراد جو کہ فائنانس کے چکر میں پڑے ہوئے تھے اور اصل رقم کے ذریعہ رقم سود خوروں کو سود کے طورپر دے چکے تھے پھر بھی اصل رقم جوں کی توں برقرار تھی۔ سوسائٹی نے ان 175افراد کو مبلغ 12 لاکھ 67 ہزار چار سو روپیئے اجراء کئے۔ اور ان لاچار و پریشان حال لوگوں کو جو اپنی گاڑھی محنت کی کمائی سود خور ان غریبوں کا خون چوس رہے تھے سوسائٹی نے انہیں بلاسودی قرض اجراء کرکے ان سود خور فائنانسروں سے چھٹکارا دلایا۔ انہوں نے کہاکہ سوسائتی کے پا س اس وقت جملہ240ممبرس ہیں جو اپنی کمائی سے کچھ رقم بچت کے طورپر سوسائٹی میں جمع کرواتے ہیں اور اپنی ضرورت کے وقت واپس لے جاتے ہیں۔ اس طرح سوسائٹی نے اب تک 28لاکھ روپیوں کا بزنس کیاہے۔ سوسائٹی جو قرض حسنہ کے طورپر صرف10ہزار روپیئے دیتی ہے اسے بڑھاکر25تا50ہزا رروپیئے کیاجائے تو بہتر ہے تاکہ ایک شخص کی ضرورت پوری ہوسکے۔ احمد عبدالعظیم کی اس تجویز کو قبول کیاگیا اور انشاء اللہ قرض حسنہ کفالتی و ضمانتی کو25تا50ہزار روپیئے تک کیاجائے گا۔ اختتامی خطاب میں صدر سوسائٹی و نگران نشست عبدالرحمن دائودی نے کہاکہ ہم شہریان نظام آباد کے متمول اور اہل خیر حضرات سے گذارش کرتے ہیں کہ وہ سوسائٹی کے اس خیر کے کاموں میں ہماری مدد کرکے اپنے لئے آخرت کی نجات کا ذریعہ بنالیں۔ سوسائٹی میں شریک بنیادی ارکان احمد عبدالعظیم، سید زاہد علی، عبدالباری مجاہد، یقین الدین، شہید رضی الدین، محمد ضیاء الدین، محمد سعداللہ، ذاکرحسین خان، عبدالرافع، عبدالرشید عارف ناظم شعبہ خدمت خلق و دیگر نے شرکت کی۔