نظام آباد میں تہنیتی تقریب سے مسٹر آکولہ سجاتا کا خطاب

نظا م آباد :17؍جون ( سیاست ذسٹرکٹ نیوز) خون کا عطیہ دور حاضر میں عظیم نیکی اور سب سے بڑی سماجی خدمت ہے ناگہانی صورتحال سے دوچار افراد کو خون کا عطیہ دیتے ہوئے ان کی زندگی کا تحفظ کرنے والے افراد قابل مبارکباد و ستائش ہوتے ہیں۔ مئیر نظام آباد میونسپل کارپوریشن آکولہ سجاتا اور اڈیشنل جوائنٹ کلکٹر راجہ رام نے عالمی یوم خون کا عطیہ کے موقع پر ضلع سرکاری دواخانہ کے کانفرنس ہال میں خون کا عطیہ دینے والے افراد کی تہنیت کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ تفصیلات کے مطابق نظام آباد شہر کے سارنگ پور کی ساکن فاطمہ بیگم کو درد زہ کی حالت میں شریک دواخانہ کیا گیا جہاں پر ڈاکٹرس نے جسم میں خون کی کمی کے باعث ان کی حالت کو تشویشناک بتاتے ہوئے حیدرآباد منتقل کرنے کا مشورہ دیا۔ فاطمہ بیگم کے رشتہ داروں نے خون کیلئے ایس بی والینٹری بلڈ بینک سے ربط پیدا کرنے پر AB- نیگیٹو خون جو بہت کم افراد میں پایا جاتا ہے بلڈبینک کے ذمہ داران سنتوش کمار لوہیا جو مارواڑی طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں ربط پیدا کرنے پر انہوں نے بلاتاخیر خون کا عطیہ دیتے ہوئے فاطمہ بیگم کی زندگی بچائی اس تقریب میں مئیر آکولہ سجاتا اور اڈیشنل جوائنٹ کلکٹر نے سنتوش کمار لوہیا کی تہنیت پیش کرتے ہوئے ان کے سماجی خدمت کے جذبہ کی ستائش کی۔ مئیر اور اڈیشنل جوائنٹ کلکٹر کے مطابق 18تا 55سال عمر کے افراد جن کا وزن 45 کیلو ہے خون کا عطیہ سکتے ہیں لیکن زیادہ تر افراد خون کا عطیہ دینے سے گریز کررہے ہیں ان عہدیداروں نے بتایا کہ خون کا عطیہ دینے سے صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں اور خون کا عطیہ بہتر صحت کا ضامن ہے لیکن شعور کے فقدان کے باعث خون کا عطیہ دینے والوں میں کمی ہورہی ہے۔ ان عہدیداروں نے سنتوش کمار لوہیا کو تہنیت پیش کرتے ہوئے مبارکباد دی ساتھ ہی ایس بی والینٹری بلڈ بینک کے صدر ایم اے ماجد، ایس کے شکیل سکریٹری کی بھی تہنیت پیش کی ۔ عالمی یوم خون کا عطیہ کے موقع پر مختلف موقعوں پر خون کا عطیہ دینے والے عبدالقادر Oنیگیٹو، ایم اے حمیدA پازیٹیو ، سید فصیح الدین A پازیٹیو کو بھی اعلیٰ عہدیداروں نے تہنیت پیش کی۔ اس تقریب میں ڈی ایم اینڈ ایچ او راجیشور، سپرنٹنڈنٹ سرکاری دواخانہ ستیہ نارائنا، ڈی پی ایم سدھاکر، ڈاکٹر پرکاش کے علاوہ دیگر موجود تھے۔