نظام آباد:22؍ مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تملناڈو اور چھتیس گڑھ میں موسم کی تبدیلی کے باعث اس کا اثر ضلع نظام آباد پرہوا ہے اور ضلع میں زبردست بارش ہوئی ہے غیر موسمی بارش کی وجہ سے کسانوں کو زبردست نقصان ثابت ہوا ہے۔ کل رات اچانک دو گھنٹے تک تیز بارش ہوئی اور ضلع میں 14.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ بارش بودھن ڈویژن میں ہوئی تو معمولی بارش کاماریڈی ڈویژن میں ہوئی۔ رنجنل منڈل میں 45 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے غیر موسمی بارش کی وجہ سے ہاتھ آئی فصل کو زبردست نقصان ہوا ۔رنجل منڈل کے تاڑ بلولی، رنجل ، دو پلی کے علاوہ دیگر مواضعات میں 500 ایکر کٹی ہوئی فصل کو نقصان ہوا تو پٹلم منڈل کے انا رام، پٹلم، رام پور ، تمانگر ، چھوٹا کلپگراور خریدی مراکز پر 14 ہزار کنٹل دھان بھیک کر نقصان ہوا۔ نوی پیٹ منڈل میں 10 ہزار ایکر دھان کی فصل کو نقصان ہوا ہے نظا م آباد مارکٹ یارڈ میں 7 ہزار دھان کے تھیلے اور 5 ہزار ہلدی کے تھیلے پانی میں بھیک کر خراب ہوچکے ہیں۔ گذشتہ ایک ہفتہ میں دو مرتبہ غیر موسمی بارش ہونے کی وجہ سے ضلع کے کسان کو زبردست نقصان ہورہا ہے اور مارکٹ میں فروختگی کیلئے منتقل کردہ اناج کو نقصان ہونے کی وجہ سے کسانوں کا نقصان ہورہا ہے۔ کل ہوئی بارش کی وجہ سے ماکلور منڈل میں دھان ، ٹماٹراور ہلدی کی فصل کو نقصان ہوا ہے۔ ماکلور کے مانک بھنڈار، بورگائوں کے، مدن پلی، دھرمو را، ملنگی(بی ) کے دیہاتوں میں کسانوں کو شدید نقصان ہوا ہے بالکنڈہ منڈل میں 20 روز میں تین مرتبہ بارش کے وجہ سے کسانوں کو نقصان ہوا ہے۔ ایڑپلی منڈل کے جانکم پیٹ، ٹھانہ کلاں، پوچارام کے علاقہ میں بارش کا زبردست اثر دیکھا گیا بیر کور میلارام ، مرزا پور، بیرکور، بہرا پورکے علاقہ میں خریدی مقامات پر مزدور نہ ہونے کی وجہ سے دھان کے تھیلوں کو نقصان ہوا ہے ضلع میں ہوئی بارش کی وجہ سے کسانوں نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے امدادی کاموں کی عدم دلچسپی پر ضلع انتظامیہ کے خلاف شدید ناراضگی ظاہر کی ہے اور کل مارکٹ کمیٹی آفس کے روبرو دھرنا دیا، اور بھیگے ہوئے اناج کو حکومت کی جانب سے خریدنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ضلع کلکٹر مسٹر پردیو منا سے بھی ملاقات کرتے ہوئے مارکٹ یارڈ میں سہولتوں کی عدم فراہمی کی وجہ سے کسانوں کو نقصان ہورہا ہے لہذا دھان اور ہلدی کو کسانوں کی جانب سے خریدنے کا مطالبہ کیا گیا ۔