نظام آباد:4؍ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر پی ایس پردیو منا نے کل شام پرگتی بھون میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں بلدی انتخابات کیلئے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے اور اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی ضابطہ اخلاق نافذ کیا گیا ہے لہذا تمام عہدیدار ضابطہ اخلاق کا خیال رکھتے ہوئے کام کریں ۔ انہوں نے نظام آباد میونسپل کارپوریشن کیلئے 10؍ مارچ سے 13؍ مارچ تک پرچہ نامزدگی حاصل کی جائے گی جبکہ کاماریڈی، بودھن ، آرموربلدیہ جات کیلئے 10؍ مارچ سے 14؍ مارچ تک پرچہ نامزدگی داخل کی جائے گی ۔ صبح 11 بجے سے 3 بجے تک پرچہ نامزدگی داخل کی جاسکتی ہے ۔ اسی طرح 15؍ مارچ سے 18؍مارچ تک دستبرداری کی جاسکتی ہے اور 2؍ اپریل کو رائے شماری ہوگی ۔
مئیر اور ڈپٹی کے انتخابات 7؍ اپریل کو ہوں گے۔ ضلع میں میونسپل الیکشن سے متعلق جملہ 434 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔ نظام آباد میونسپل کارپوریشن کے 50 ڈویژنوں میں جملہ 2,71,545 رائے دہند ے ہیں ان کیلئے 265 پولنگ مراکز قائم کئے گئے۔ کاماریڈی میں جملہ 33 بلدی وارڈس ہے اور اس میں 58,901رائے دہندے ہیں ان کیلئے 65 پولنگ مراکز قائم کئے گئے۔ بودھن میں جملہ 35 بلدی وارڈس ہے اوراس میں 58,869 رائے دہندے ہیں ان کیلئے 58 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں اسی طرح آرمور میں جملہ 23 بلدی وارڈس ہے اور اس میں 34,666 رائے دہند ے ہیں اور 46 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔ضلع کو جملہ 480 ای وی ایم مشین مختص کئے گئے ہیں ۔ ضابطہ اخلاق کا 3؍ مارچ سے نافذ کیا گیا ہے اور ضلع میں پرُ امن رائے دہی کیلئے تمام انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ قبل ازیں ضلع کلکٹر نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ تمام عہدیداروں کو ہدایت دیتے ہوئے ضابطہ اخلاق پر سختی عمل کرنے کی ہدایت دی۔