نظام آباد۔31 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سڑک حادثہ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا یہ واقعہ ڈچپلی پولیس اسٹیشن کے حدود چندرائن پلی میں پیش آیا۔ تفصیلات کے بموجب نظام آباد نیالکل روڈ سے تعلق رکھنے والے سرینواس اور ان کی اہلیہ سفٹ کار میں حیدرآباد سے نظام آباد آرہے تھے کہ چندرائن پلی کے قریب ان کی کار بے قابو ہوگی اورڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی جس کی نتیجہ میں سرینواس برسرموقع ہلاک ہوگئے جبکہ ان کی اہلیہ لکشمی شدید زخمی ہونے پر نظام آباد سرکاری دواخانہ منتقل کیا گیا اطلاع کے ملتے ہی سب انسپکٹر ڈچپلی چندر شیکھر یہاں پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا ۔ لکشمی کی طبیعت ناساز ہونے پر انہیں حیدرآباد منتقل کیا گیا۔
٭ ضلع ایس پی ڈاکٹر ترون جوشی نے بتایا کہ ہر پیر کے روز منعقد کی جانے والی ڈائیل یوور ایس پی پروگرام منگل کے روز انعقاد کیا جارہا ہے کیونکہ 31؍ مارچ کے روز اگادی تہوار ہونے کی وجہ سے یکم؍ اپریل کے روز ڈائیل یوور ایس پی منعقد کیا جارہا ہے لہٰذا عوام اس سے استفادہ حاصل کریں ۔
٭ میونسپل کارپوریشن نظام آباد کے 50 ڈویژنوں کے منجملہ 49 ڈویژنوں میں کل رائے دہی کا پرُ امن انعقاد عمل میں آیااور 54.70% رائے دہی ہوئی۔ 1,32,617 رائے دہندوں نے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ شہر میں 2,42,440 جملہ رائے دہندے ہیں اور 228 پولنگ بوتھس ہے ان میں مرد 1,21,794 جبکہ خواتین 1,20,630 اور دیگر 16 ووٹرس ہیں۔ گذشتہ کارپوریشن کے انتخابات میں 62% رائے دہی ہوئی تھی اس مرتبہ 54.70% رائے دہی ہوئی یعنی 10.70% رائے کم ہوئی ہے۔ڈویژن نمبر 45 میں 73% رائے دہی ہوئی جملہ4,229 ووٹرس میں سے 2,694 رائے دہندوں سے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ جبکہ سب سے کم ڈویژن نمبر 26 میں رائے دہی ہوئی اور 41.01% فیصد ریکارڈ کی گئی جملہ رائے دہندگان 5,001 ہے جن میں 2,051 رائے دہندوں نے حق رائے سے استفادہ کیا۔شہر نظام آباد میں رائے دہندگان کے نام فہرست رائے دہندگان میں سے حذف کئے جانے کی وجہ سے رائے دہندوں نے زبردست احتجاج کرتے ہوئے دیکھا گیا اور کئی مقامات پر رائے دہندوں نے لمبی قطاروں میں ٹھہر کر رائے دہی کیلئے پہنچ کر دیکھاتو ان کا فہرست رائے دہندگان میں نہ ہونے پر انہوں نے شدید احتجاج کیا ضلع میں مختلف مقامات پر رائے دہندوں کے نام فہرست رائے دہندگان میں سے حذف کئے جانے پر احتجاج کیا۔ شہر نظام آباد کے کئی ڈویژنوں میں رائے دہندوں کے نام پر دو دو ڈویژنوں میں بھی فہرست میں رہنے کی وجہ سے رائے دہی کیلئے مشکل ہورہی تھی اور چند ڈویژنوں میں شوہر کا نام ایک ڈویژن میں ہے تو بیوی کا نام دوسرے ڈویژن میں تھا۔ کانگریس کی مئیر امیدوارہ کاپرتی سجاتا کے ڈویژن 47 میں جملہ 4343 ووٹرس ہے ان میں 2418 ووٹرس اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ 55.69% فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی ۔