نظام آباد رورل میں پانی سربراہی کے اقدامات

۔2600کروڑ چیف منسٹر کی جانب سے منظور۔ باجی ریڈی گوردھن کا خطاب
نظام آباد :یکم ؍ مئی( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)آنے والے دو سالوں میں نظام آباد رورل حلقہ سے ہر ایکر کو آبی سربراہی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار رکن اسمبلی نظام آباد رورل باجی ریڈی گوردھن نظام آباد پارلیمانی حلقہ کے سرکنڈہ میں انتخابی مہم کے جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ مسٹر باجی ریڈی گوردھن نے کہا کہ کالیشورم پراجیکٹ کی تعمیر سے منچپہ ریزرور پائپ لائن کے ذریعہ ہر دیہات کو پینے کے پانی اور کسانوں کیلئے پانی سربراہ کیلئے پائپ لائن کی تنصیب کی جائے گی ۔ اس کیلئے چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر رائو نے 2600 کروڑ روپئے منظور کئے ہیں اور ٹنڈر مکمل کئے گئے ہیں ۔ جکران پلی منڈل میں کام شروع کئے گئے ہیں ۔ مسٹر باجی ریڈی گوردھن نے کہا کہ انتخابات کے موقع پر بے روز گار نوجوانوں کو بے روزگاری بھتہ3016 روپئے فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ مقامی ادارہ جات کے انتخابات کے بعد اس اسکیم کا آغاز کیا جائیگا ۔ اسی طرح معمر افراد کو 65 سال سے 57 سال کو وظائف کو منظوری کے باعث کئی افراد کو فائدہ ہورہا ہے اور نظام آباد رورل حلقہ میں 65 ہزار افراد کو اس میں فائدہ حاصل ہورہا ہے ۔ انہوں نے منڈل پریشد ، ضلع پریشد انتخابات میں ٹی آرایس کو کامیاب بنانے کی خواہش کی ۔ اس موقع پر ایم ایل سی وی جی گوڑنے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر رائو نے مقامی ادارہ جات کے استحکام کیلئے 1250 کروڑ روپئے مختص کیا گیا ہے اور دیہی سطح پر 4 ہزار امکنہ جات کی منظوری کیلئے وزیر ہائوزنگ پرشانت ریڈی نے فنڈس مختص کیا ہے لہذا ضلع پریشد، منڈل پریشد کے انتخابات میں ٹی آرایس امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔