نیویارک 7 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام )اولمپکس کی تاریخ کے کامیاب ترین تیراک امریکی مائیکل فیلپس کی نشے کی حالت میں گاڑی چلانے کے الزام میں گرفتاری کے بعد انھیں 6 ماہ کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔ امریکی تیراکی یونین نے کہا ہے کہ اس دوران وہ تیراکی کے کسی بھی مقابلے میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ یونین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فیلپس نے تنظیم کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے۔ 29 سالہ فیلپس کو پولیس نے ریاست میری لینڈ کے علاقے بالٹی مور میں ایسے علاقے میں 84 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلانے پر حراست میں لیا تھا جہاں مقررہ حدِ رفتار 45 میل فی گھنٹہ تھی۔ فیلپس نے اس واقعہ پر شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے پہلے ہی کہا ہے کہ وہ کچھ عرصے کے لیے کھیل سے دور رہنا چاہتے ہیں۔ وہ 2015 میں روس میں ہونے والی تیراکی کی عالمی چیمپیئن شپ میں بھی حصہ نہیں لیں گے۔
اگرچہ ان پر عائد پابندی اپریل 2015 میں ختم ہوجائے گی لیکن امریکی تیراکی یونین کا کہنا ہے کہ انھیں اگست 2015 میں ہونے والے مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کے لیے منتخب نہیں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پابندی کے عرصے کے دوران انھیں دیئے جانے والے مالی تعاون کو بھی معطل کردیا گیاہے ۔ مائیکل فیلپس 2004 تا 2012 کے درمیان اولمپکس میں 18 گولڈ میڈل کے بشمول 22 میڈلس جیت کر تاریخ رقم کرچکے ہیں۔ 2012 کے لندن اولمپکس کے بعد انہوں نے سبکدوشی کا اعلان کیا تھا، لیکن اپریل میں انہوں نے اس کھیل میں پھر سے واپسی کی ہے۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ فیلپس پر نشے کی حالت میں گاڑی چلانے کا الزام لگا ہو۔ میری لینڈ میں ہی 2004 میں بھی ان پر اسی الزام کے تحت مقدمہ چلا تھا اور جرم ثابت ہونے پر ان پر 18 ماہ تک گاڑی چلانے کی پابندی عائد کردی گئی تھی۔