نشی کوری96برس بعد سیمی فائنل میںپہنچنے والے پہلے جاپانی کھلاڑی

جوکووچ سے قطعی 4کھلاڑیوں کے مرحلے کا مقابلہ
سرینا کایو ایس اوپن سیمی فائنل میں ماکاروا سے ٹکراؤ

نیویارک۔4ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار نواک جوکووچ نے ایک دلچسپ اور سنسنی خیز کوارٹر فائنل مقابلہ میں برطانیہ کے نمبر ایک ٹینس اسٹار اینڈی مرے کو 7-6(7-1) ‘ 6-7 (1-7) ‘ 6-2 ‘ 6-4 سے شکست دی ۔ 2012ء میں جوکووچ کے خلاف یو ایس اوپن خطاب حاصل کرنے والے اینڈی مرے کے خلاف یہ جوکووچ کا 21واں مقابلہ تھا جس میں انہوں نے 13ویں کامیابی حاصل کی ہے ۔ ٹینس میدانوں میں جوکووچ اور مرے کے درمیان جونیئر سطح سے مقابلے کھیلے جارہے ہیں۔دوسرے کوارٹر فائنل مقابلہ میں جاپان کا کائی نشی کوری نے آسٹریلین اوپن چمپئن اور ٹورنمنٹ کے تیسرے بہترین کھلاڑی اسٹانسلس واورنکا کو 3-6 ‘ 7-5‘ 7-6(9-7) ‘ 6-7(5-7) ‘ 6-4سے شکست دیتے ہوئے 96برس بعد سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے والے پہلے جاپانی کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے ۔

ومبلڈن چمپئن جوکووچ اور مرے نے کوارٹر فائنل میں 4گھنٹے 54 منٹ مقابلہ کرتے ہوئے 2012ء فائنل کے ریکارڈ کی برابری کرلی ہے ۔ دونوں کھلاڑیوں کو مقابلے کے ابتدائی دو سیٹ میں نتیجہ حاصل کرنے کیلئے دو گھنٹوں سے زائد مقابلہ کرنا پڑا اور دونوں ہی سیٹوں کا نتیجہ ٹائی بریکر کی شکل میں برآمد ہوا ۔ مقابلے کے اختتام پر مرے کو پیٹھ کی تکلیف کا پھر ایک مرتبہ سامنا کرتا دیکھا گیا ہے جیسا کہ وہ اس تکلیف سے ایک طویل عرصہ سے پریشان ہیں ۔ دوسری جانب جوکووچ کی دفاعی صلاحیتوں کا بھی اس مقابلہ میں سخت امتحان ہوا جیسا کہ وہ 16بریک نشانات میں سے 12نشانات محفوظ کرنے میں کامیاب رہے ۔ مرے نے 65ازخود غلطیاں کرتے ہوئے مقابلے پر اپنی گرفت کمزور کی جبکہ اس معاملہ میں جوکووچ نے 48غلطیاں کی ۔ سیمی فائنل میں جوکووچ کا مقابلہ ریکارڈ بنانے والے نشی کوری سے ہورہا ہے اور ان دونوں کے درمیان تاحال صرف دو مقابلے ہوئے جس میں ایک جوکووچ اور ایک مقابلہ نشی کوری نے اپنے نام کیا ہے ۔

سیمی فائنل کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے جوکووچ نے کہا کہ یہ جاپان اور نشی کوری کیلئے ایک عظیم اعزاز ہے اور امید ہے کہ سیمی فائنل بھی ایک دلچسپ مقابلہ ہوگا ۔ علاوہ ازیں خاتون زمرے کے مقابلوں میں عالمی نمبر ایک سرینا ولیمس نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جہاں ان کا مقابلہ ایکترینا ماکاروا سے ہوگا ۔کوارٹر فائنل میں سرینا ولیمس نے اطالوی ٹینس اسٹار فلاویا پنیٹا کو 6-3‘ 6-2سے شکست دی ہے ۔ دوسری جانب سابق عالمی نمبر ایک اور گذشتہ دو برسوں سے یہاں سرینا کے خلاف فائنل میں شکست برداشت کرنے والی وکٹوریا ایزرنکا کو روسی کھلاڑی ایکترینا ماکاروا کے خلاف 6-4‘ 6-2کی حیران کن شکست برداشت کرنی پڑی ہے ۔ ماکاروا پہلی مرتبہ گرانڈ سلام کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی ہے ۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ماکاروا نے کہا کہ یہ ان کیلئے ایک بہترین احساس ہے ۔