نریندر مودی کے خوف سے سلنڈر کوٹہ میں اضافہ

بنگلور۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج کہا کہ سبسڈی پر پکوان گیاس سلنڈرس کے کوٹہ میں اضافہ کا فیصلہ مرکز کے بی جے پی وزارتِ عظمیٰ امیدوار نریندر مودی کے خوف کا نتیجہ ہے۔ پارٹی سینئر لیڈر ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ اس فیصلہ کا سہرا نریندر بھائی مودی کے سَر جاتا ہے جن کے خوف سے حکومت نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ دوسری طرف بی جے پی ترجمان پرکاش جاؤدیکر نے کہا کہ یہ فیصلہ عوام کو خوش کرنے والا نہیں کیونکہ وہ بخوبی جانتے ہیں کہ سب سے پہلے 6 سلنڈرس کی پابندی موجودہ حکومت نے ہی لگائی تھی۔

’’بہادر مودی‘‘ فسادات کے وقت گھر سے کیوں نہیں نکلے : احمد پٹیل
داہوڈ (گجرات)۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سینئر کانگریس لیڈر اور صدر سونیا گاندھی کے پولیٹیکل سکریٹری احمد پٹیل نے چیف منسٹر گجرات نریندر مودی کے 56 انچ چوڑے سینے اور بہادری کے گن گانے پر تنقید کرتے ہوئے پوچھا کہ فسادات کے دوران وہ گھر سے کیوں نہیں نکلے۔ انہوں نے یہاں قبائیلیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو یہ کہتے ہیں کہ ان کا سینہ 56 انچ کا ہے ، وہ ان سے یہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ اکشر دھام مندر پر حملے کے وقت وہ تین دن تک گھر سے باہر کیوں نہیں نکلے۔ جس وقت 2002ء کے فسادات ہورہے تھے ، وہ پانچ دن تک اپنے گھر میں کیوں چھپے رہے۔ احمد پٹیل نے کہا کہ گجرات میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں ہے اور یہاں آمریت پسند حکومت ہے۔