لکھنو ۔ 22 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بھارتیہ جنتا پارٹی کے وزیراعظم کے امیدوار نریندر مودی جمعرات کو گورکھپور میں ایک ریالی سے خطاب کریں گے، اس ریالی کو کامیاب بنانے کیلئے گورکھپور کے رکن پارلیمنٹ یوگی ادتیہ ناتھ اور ان کی ہندو یوا واہنی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈروں نے پوری طاقت جھونک دی ہے ۔ اس ریالی کے لئے ایک درجن سے زائد ٹرینوں کو بھی بک کیا جاچکا ہے۔ بی جے پی کے ترجمان وجئے بہادر کے بموجب گورکھپور میں نریندر مودی کی ریالی بے مثل ہوگی، اس میں پوروانچل کے کئی لاکھ افراد شریک ہوں گے اور یہ پوروانچل کی اب تک کی سب سے بڑی ریالی ہوگی اور یوگی ادتیہ کے پوسٹروں اور بیانروں سے گورکھپور کو ایک طرح سے پاٹ دیا گیا ہے۔ ہر طرف زعفرانی جھنڈے لگائے گئے ہیں ۔
شرد پوار کے وزیراعظم بننے کا امکان برقرار: این سی پی
نئی دہلی ۔ 22 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) این سی پی نے آج اس مسئلہ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا کہ آیا شرد پوار راہول گاندھی کی قیادت میں بننے والی یو پی اے حکومت میں شامل رہیں گے اور کام کریں گے۔ البتہ یہ اشارہ دیا کہ شرد پوار کے وزیراعظم بننے کا امکان کھلا ہے ۔ یہ حالات پر منحصر ہے۔ این سی پی کے ترجمان ڈی پی ترپاٹھی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال کانگریس نے اپنے وزارت عظمیٰ کا نام ظاہر نہیں کیا ہے۔ کانگریس کی قیادت کرنے والے لیڈر کی مہم کا مطلب یہ نہیں کہ وہ ہی وزارت عظمیٰ کا امیدوار ہوگا۔راہول گاندھی کی قیادت میں شرد پوار کے کام کرنے سے متعلق سوال کو انہوں نے ٹال دیا۔