نئی دہلی ۔ 22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے اپنے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی کو عید کے موقع پر عام کا ایک باکس روانہ کیا ہے جبکہ ان کی فوج نے سرحد پر عید کے موقع پر بی ایس ایف عملہ کے ساتھ شیرینی کا روایتی تبادلہ عمل میں نہیں لایا۔ وزیراعظم نواز شریف نے وزیراعظم نریندر مودی کو سرکاری چینلوں کے ذریعہ آم کا ایک باکس روانہ کیا ہے۔ ذرائع نے کہا کہ نواز شریف کی یہ آم کی ڈپلومیسی دونوں ملکوں کے درمیان خط قبضہ اور بین الاقوامی سرحد پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے واقعات کے درمیان سامنے آئی ہے۔ سرحدوں پر دونوں جانب فائرنگ سے جانی نقصانات ہوئے ہیں۔ ہندوستان نے پاکستان کو منہ توڑ جواب دینے کا بھی انتباہ دیا ہے۔ بلااشتعال فائرنگ کا مؤثر جواب دینے اور سرحد پار دہشت گردی کو کچلنے کا بھی انتباہ دیا ہے۔ اس تنازعہ کے باعث پاکستانی رینجرس نے بی ایس ایف کی جانب سے گذشتہ ہفتہ عید کے موقع پر پیش کردہ شیرینی کو قبول کرنے سے انکار کیا تھا۔