صدر امریکہ سے ملاقات کے وقت نام کی نقش نگاری والے بند گلے کے سوٹ پر تنازعہ
نئی دہلی ۔ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس لیڈر جئے رام رمیش نے آج وزیراعظم نریندر مودی پر شدید تنقید کی اور کہا کہ ان پر خودنمائی اور اپنی بڑائی کا خبط طاری ہوگیا ہے۔ صدر امریکہ براک اوباما کے ساتھ بات چیت کے دوران انہوں نے جو سوٹ پہنا تھا اس پر وزیراعظم کے نام کی نقش نگاری کی گئی تھی۔ سوشیل میڈیا پر اس بند گلے کے سوٹ اور نام کو پرنٹ کرواکر پہننے کے مسئلہ پر زبردست بحث چھڑ گئی ہے۔ اس مسئلہ پر جئے رام رمیش نے کہا کہ یہ سراسر لاشعوری کی حرکت ہے۔ اس سے خودنمائی اور بڑائی کا خبط طاری ہونے کا ثبوت ملتا ہے۔ یہ بحث اس وقت چھڑ گئی جب وزیراعظم مودی نے پرنٹ کردہ نام والے بند گلے کا سوٹ پہنا تھا۔ انہوں نے اتوار کو جو سوٹ پہنا تھا اس پر ان کا پورا نام نریندر دامودر داس مودی تحریر تھا۔ مودی نے اپنے سوٹ پر نام کی ایمبرائیڈری کروائی تھی جس کو آسانی سے پڑھا جارہا تھا جبکہ مودی کا ’’کرتا‘‘ بھی دلچسپی سے خالی نہیں تھا۔ مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کانگریس کے ترجمان سنجے جھا نے کل ٹوئیٹر پر لکھا تھا کہ کیا یہ سچ ہیکہ مودی کے سوٹ پر ان کے نام کی ایمبرائیڈری کی گئی تھی تو یہ پہلا اور افسوسناک خودپرستی کا مظاہرہ تھا۔ ایک عالمی لیڈر کے سامنے خود کو نمایاں کرنے کی ان کی یہ گھٹیا حرکت سمجھی جائے گی۔ مودی کے نام کے سوٹ کو احمدآباد کے ٹیلر جاڈے بلیو نے تیار کیا تھا۔ گجرات میں چیف منسٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے دنوں سے ہی مودی کی کپڑوں کی الماری میں اسی ٹیلر کے تیار کردہ کپڑے ہیں۔