نئی دہلی۔ 3۔ فبروری (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی کی ’’بیمار‘‘ ذہنیت قومی فکرمندی کی وجہ ہے۔ کانگریس نے آج وزیراعظم کی جانب سے صرف خود کو نمایاں کرنے کی کوششوں پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ مودی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عالمی سطح پر ہندوستان کو صرف اُن کی وجہ سے شناخت حاصل ہوئی ہے۔ وزیراعظم حیرت انگیز دعوے کررہے ہیں کہ 26 مئی سے پہلے جب اُنھوں نے عہدہ سنبھالا تھا، ہندوستان دنیا بھر میں جانا نہیں جاتا تھا۔ پارٹی کے سینئر ترجمان آنند شرما نے پریس کانفرنس میں کہاکہ ایسے دعوے کرتے ہوئے مودی تمام سابق وزرائے اعظم بشمول پنڈت نہرو اور اٹل بہاری واجپائی کی توہین کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ پنڈت نہرو اور اندرا گاندھی جیسے قائدین کا زیادہ پُروقار اور زیادہ مہذب رویہ رہا۔ عالمی قائدین سے اُن کے روابط پُروقار اور مہذب تھے۔
اُنھوں نے کہاکہ مودی نے یہ حکمت عملی اختیار نہیں کی ہے جبکہ اُنھوں نے صدر امریکہ کو ایک ریڈیو پروگرام کے دوران 23 مرتبہ ’’براک‘‘ سے مخاطب کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ اپنے اعزاز میں وزیراعظم کی ترتیب دی ہوئی دعوت کے دوران اوباما نے اُن کے رویہ کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اُن سے کہا تھا کہ اُنھوں نے اپنے کرئیر کا آغاز چائے فروش کی حیثیت سے کیا تھا۔ وہ آخر صرف تین گھنٹے کیسے سوتے ہیں اور گھڑیال سے اُنھوں نے کیسے جنگ کی تھی۔ وزیراعظم درحقیقت اپنے عہدہ کیلئے باعث فخر نہیں ہیں۔ اُنھوں نے اِس کی شان میں کوئی اضافہ نہیں کیا ہے۔
میرے خیال سے اُن کا رویہ قوم کیلئے پریشانی کی وجہ بن گیا ہے۔ آنند شرما راجیہ سبھا میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر بھی ہیں، کہاکہ وزیراعظم کا دنیا بھر میں مذاق اُڑایا جارہا ہے۔ اُن کا رویہ صرف ’’میں اور میرا‘‘ نہ صرف اُن کیلئے موزوں نہیں ہے بلکہ یہ ایک نرگیسیت ہے۔ یہ بیمار ذہنیت پوری قوم کی فکرمندی کی وجہ بن گئی ہے۔ آنند شرما نے کہاکہ وزیراعظم پر اختیارات، اقتدار اور حق کا بھوت سوار ہے، وہ سینئر سائنسدانوں اور سیول ملازمین کی تحقیر کررہے ہیں۔ اُن کا یہ کہنا کہ صرف وہی خوش قسمت ہیں اور باقی 125 کروڑ عوام بدقسمت ہیں، فکرمندی کی وجہ ہے۔