نریندر مودی کوصرف عہدہ حاصل کرنے کی فکر: سونیا گاندھی

ولساڈ (گجرات) 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس سونیا گاندھی نے نریندر مودی کو اُن کے اپنے مستحکم گڑھ گجرات میں للکارتے ہوئے گجرات کی مثالی ترقی کو ڈھونگ قرار دیا اور رائے دہندوں سے اپیل کی کہ ایسی طاقتوں کو منتخب نہ کریں جن کا نظریہ تعصب اور سوچنے کا انداز نفرت پر مبنی ہے۔ اُنھوں نے مودی کو صرف عہدہ حاصل کرنے کی فکر ہونے اور عوام کی کوئی فکر نہ ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ریاست میں تعلیم ترک کرنے والوں کی شرح پورے ملک میں سب سے زیادہ ہے۔ یہاں اگر کسی کی آمدنی 11 روپئے سے زیادہ ہو تو اُس کے خاندان کو غریب نہیں سمجھا جاتا۔ اُنھوں نے کہاکہ چونکا دینے والی بات یہ ہے کہ حکومت گجرات ایسے افراد کو جن کی آمدنی 11 روپئے سے زیادہ ہے، غریب نہیں سمجھتی۔ آپ مجھے بتایئے کہ یہ جنت ہے یا کوئی اور جگہ۔ اُنھوں نے کہاکہ اُن کو صرف عہدہ حاصل کرنے کی فکر ہے۔ غریبوں سے اُن کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ سونیا گاندھی نے کہاکہ جاریہ انتخابات 2 نظریات کے درمیان انتخاب کا موقع ہیں۔ اُنھوں نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ جو طاقتیں بنیاد پرستی کے نظریات جیسے نفرت، کوتاہ ذہنی اور تعصب کو پروان چڑھاتی ہیں، ووٹ نہ دیں۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی کا نظریہ ایسا ہی ہے۔ وہ ایک تنظیم کی دھن پر رقص کرتی ہے جو گنگا جمنی تہذیب میں یقین نہیں رکھتی اور نفرت، تنگ نظری اور متعصب انداز فکر پورے معاشرہ میں پیدا کرنا چاہتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس کی جانب سے اِس نظریہ کی سخت مخالفت کی جارہی ہے کیونکہ اِس کا نظریہ پوری قوم کو متحد کرنا، مختلف عقائد و مذاہب میں ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔ بی جے پی کا نظریہ ظالمانہ نظریہ ہے جو ملک کے لئے نقصان دہ ہے۔ ایسا نظریہ ملک کی روایات اور اُصولوں کو توڑ دیتا ہے جو صدیوں سے قائم ہیں۔ یہ ایک ایسا نظریہ ہے جو اتحاد کے نام پر ظلم مسلط کرتا ہے۔ سونیا گاندھی نے کہاکہ اُن کی پارٹی مضبوط جمہوریت میں یقین رکھتی ہے۔ ہر شخص کو سماج میں مساوی مقام دیتی ہے۔ اُنھوں نے اعتماد ظاہر کیاکہ عوام انتشار پسند طاقتوں سے گمراہ نہیں ہوں گے اور اُنھیں شکست دیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس سماج کے تمام طبقوں کے لئے جدوجہد کررہی ہے۔ اور تیقن دیا کہ 2014 ء کے انتخابی منشور میں اُن کی فلاح و بہبود کے لئے کئی اسکیمیں پیش کی گئی ہیں اور پروگراموں کا اعلان کیا گیا ہے جن پر برسراقتدار آنے کی صورت میں عمل آوری کی جائے گی۔