نریندر مودی پلوامہ میں فوجیوں کی شہادت پر سیاست کررہے ہیں

سی آر پی ایف جوان ہلاک ہوتے رہے مودی ڈاکومنٹری کیلئے شوٹنگ میں مصروف ، کانگریس کا بیان
نئی دہلی 21 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے پلوامہ دہشت گرد حملے کے بعد وزیراعظم نریندر مودی کی خود نمائی کے لئے کی جانے والی ڈاکومنٹری شوٹنگ میں مصروف رہنے کو افسوسناک قرار دیا۔ کاربیٹ نیشنل پارک میں ایک فلم کے لئے مودی شوٹنگ کررہے تھے۔ جس روز پلوامہ دہشت گرد حملہ واقع ہوا ، اُسی دن 14 فروری کی شام تک مودی اپنی پروپگنڈہ اور تشہیری مہم کے لئے تیار کردہ فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔ اِس دن یہ حملہ دوپہر کے وقت ہوا۔ کانگریس نے الزام عائد کیاکہ وزیراعظم مودی پلوامہ حملے کو فراموش کرچکے ہیں اور وہ اِس حملے کے حوالہ سے اپنے سیاسی مستقبل کو مستحکم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ کانگریس کے اِن الزامات پر وزیراعظم کے دفتر اور نہ ہی بی جے پی کی جانب سے فوری کوئی ردعمل ظاہر کیا گیا۔ اپوزیشن پارٹی نے بی جے پی پر صدر امیت شاہ پر بھی الزام عائد کیاکہ آسام میں اپنی تقریر کے دوران اُنھوں نے دہشت گردی کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی۔ جیش محمد کے ایک دہشت گرد نے خودکش حملہ کرتے ہوئے سی آر پی ایف کے 40 جوانوں کو ہلاک کیا۔ جبکہ امیت شاہ اِسی دن آسام کے لکھی پور میں جلسہ عام سے خطاب کرنے میں مصروف تھے۔ امیت شاہ نے جلسہ سے استفادہ کرتے ہوئے پلوامہ حملہ کا سیاسی فائدہ اُٹھانے کی کوشش کی اور کہاکہ سی آر پی ایف کے 40 جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

مرکز میں بی جے پی حکومت ہے اور وہ خاطیوں کو نہیں بخشے گی۔ اُنھوں نے مزید کہا تھا کہ مرکز کی مودی حکومت سابق کی کانگریس حکومتوں کی طرح نہیں ہے جو کسی بھی سکیورٹی مسئلہ پر سمجھوتہ کرے گی۔ کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجیوالا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت اور وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ وزیراعظم مودی اقتدار کے بھوکے ہیں۔ اُنھوں نے راج دھرم کو فراموش کردیا ہے۔ ہندی اخبارات میں شائع رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے سرجیوالا نے مودی کی ڈاکیومنٹری فلم کی شوٹنگ مصروفیت کا مسئلہ اُٹھایا اور کہاکہ کشمیر یہ حملہ 14 فروری کو 3 بجکر 10 منٹ پر پیش آیا اور 5 بجکر 15 منٹ تک مودی شوٹنگ میں مصروف تھے۔ وزیراعظم بھی اِس واقعہ سے واقف ہوئے لیکن اُنھوں نے اب تک اپنی فرضی قوم پرستی اور حب الوطنی کا ثبوت نہیں دیا بلکہ وہ شوٹنگ میں مصروف رہے۔ رام نگر میں واقع کاربیٹ نیشنل پارک میں شوٹنگ میں حصہ لینے کو اہمیت دی۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ وزیراعظم کشتی کی سواری کا مزہ بھی لیتے رہے اور اِن کے ہمراہ کیمرہ مین بھی موجود تھے۔ بعدازاں اِس بات کو یقینی بنایا گیا کہ بی جے پی کے قائدین مودی کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے ان کی ستائش کریں۔ حملے کے ہی دن مودی خوش گپیاں، سیر سپاٹے، چائے سموسہ کھاتے ہوئے دکھائی دیئے۔ حکومت کے پی ڈبلیو ڈی گیسٹ ہاؤز میں بھی اِن کی تواضع کی گئی۔ جبکہ ہندوستان کا ہر ایک شہری پلوامہ واقعہ میں غم کے آنسو بہارہا تھا اور کھانا پینا بھی چھوڑ دیا تھا۔