نریندر مودی وزیر اعظم سے زیادہ ’ ایونٹ مینجر ‘

نئی دہلی ۔ 6 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : بی جے پی کے سینئیر لیڈر ایل کے اڈوانی نے ایک مرتبہ ریمارک کیا تھا کہ نریندر مودی ایک بہترین ’ ایونٹ مینجر ‘ ہیں ۔ وہ اپنے انداز تخاطب اور طرز عمل سے بہترین ماحول پیدا کرلیتے ہیں ۔ ان کے ناقدین نے حالیہ یوم اساتذہ کے موقع پر نریندر مودی کی اسکولی بچوں سے رابطہ و خطاب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی واقعی ایک وزیر اعظم سے زیادہ ’ ایونٹ مینجر ‘ دکھائی دیتے ہیں ۔ یوم اساتذہ کے دن انہوں نے اسکولی بچوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے یہ ثابت کردیا کہ وہ واقعی شاندار میگا ایونٹس کا اہتمام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ یوم اساتذہ کے موقع پر انہوں نے جس ایونٹ کا اہتمام کیا وہ ’ چاچا مودی ‘ کی علامت میں تبدیل ہوگیا ۔

غیر معمولی طور پر چاچا مودی دراصل چاچا نہرو کا مقبول عام لقب کا چربہ ہے ۔ ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو بچوں سے زیادہ شغف رکھتے تھے لیکن مودی نے ان کا طرز اختیار کرنے کے لیے یوم اساتذہ کے موقع پر ایک ایسے ایونٹ کا اہتمام کیا جس کی مدد سے انہوں نے چاچا مودی بننے کی کوشش کی ۔ نریندر مودی کے تعلق سے یہ بات مشہور ہورہی ہے کہ وہ اپنی مقبولیت میں اضافہ کے لیے کوئی بھی موقع ضائع ہونے نہیں دیتے ۔ اب مودی آنے والے مہینوں میں ایسے خاص مواقع کی تلاش میں رہیں گے جس میں انہیں سنگھ پریوار کی روایت کو اجاگر کرنے کا موقع ملے ۔ دیندیال اپادھیا اور شیاما پرساد مکرجی جیسے سنگھ پریوار کے نظریاتی لیڈروں کو مقبول بنانے کے لیے وہ ہندوستان کے قومی قائدین جیسے مہاتما گاندھی اور سردار پٹیل کی طرح ہیرو کے طور پر پیش کریں گے ۔