نریندر مودی سے مقابلہ میں نتیش کمار

پٹنہ ۔ 6 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) جے ڈی (یو) کے سینئر قائد شیوانند تیواری نے راجیہ سبھا کیلئے اپنی دوبارہ نامزدگی حاصل نہ ہونے کے بعد آج چیف منسٹر بہار نتیش کمار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کے مقابلے کے بارے میں نتیش کمار مخلص نہیں ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نتیش کمار نے انہیں مودی کے خلاف ’’جارحانہ‘‘ بیانات دینے کے نتیجہ میں پیدا ہونے والی ’’انحطاط پذیر‘‘ صورتحال کی سزاء دی ہے۔ ان کے بیانات کی وجہ سے نتیش کمار کا این ڈی اے میں برقرار رہنا ناممکن ہوگیا تھا۔ شیوانند تیواری نے اپنے ایک صحافتی بیان میں کہا کہ ان کے خیال میں نتیش کمار نریندر مودی کا مقابلہ کرنے کے سلسلہ میں مخلص نہیں ہیں۔ وقت کا تقاضہ یہی تھا کہ وہ این ڈی اے سے ترک تعلق کرلے۔

اسی وجہ سے نتیش کمار نے نریندر مودی کا اور پٹنہ میں دیگر بی جے پی قائدین کا 2009ء میں مقرر ڈنر منسوخ کردیا تھا۔ اگر انہوں نے اس وقت بی جے پی سے اپنی راہیں الگ کرنے کا فیصلہ کیا تو اس کی وجہ یہ تھی کہ جے ڈی (یو) 2010ء کے اسمبلی انتخابات میں اپنے بل بوتے پر اکثریت حاصل کرسکتی تھی۔