نریندر مودی حکومت ’’سوٹ بوٹ اور لوٹ ‘‘ کی سرکار

پٹنہ 22 مئی (سیاست ڈاٹ کام )کانگریس کے لیڈر راج ببر نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی کے ’’سوٹ بوٹ‘‘ کی سرکار کے ریمارک میں ایک اور لفظ ’’لوٹ‘‘ کا اضافہ کیا ۔ راج ببر نے الزام عائد کیا کہ مرکز میں این ڈی اے حکومت ملک کی عوام سے دھوکہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت ’’سوٹ بوٹ اور لوٹ‘‘ کی سرکار ہوگئی ہے ۔ اس نے اقتدار کا ایک سال مکمل کرلیا ہے اور سماج کا ہر شعبہ یہ محسوس کررہا ہے کہ حکومت نے اپنے الفاظ اور اقدامات کے ذریعہ انہیں دھوکہ دیا ہے ۔ راج ببر نے کہا کہ نوجوان ‘ بیروز گار افراد ‘کسان اور چھوٹے کاروباری افراد یہ محسوس کرنے لگے ہیں کہ حکومت نے ان سے دھوکہ کیا ہے ۔ راج ببر نے کہا کہ وزیر اعظم اڈانی گروپ کو پانچ ہزار کروڑ کا قرض دے رہے ہیں‘ منگولیہ کو 1 بلین ڈالر کی مدد دی جارہی ہے ۔ یہ لوگ عوام اور قوم کا پیسہ لوٹ رہے ہیں اور اس کا بیجا استعمال کررہے ہیں ۔

وزیر اعظم پر مزید تنقید کرتے ہوئے اداکار سے سیاستداں بننے والے راج ببر نے کہا کہ وزیر اعظم ’’ پردھان منتری ‘‘ کے بجائے ’’ پریدھان منتری‘‘ ( ڈریس منسٹر) بن گئے ہیں۔ وہ وزیر اعظم کی طرح کام کرنے کے بجائے ایک مہاراجہ کے طور پر کام کررہے ہیں جنہیں عوام کی کوئی فکر نہیں ہے ۔ راج ببر یہاں پارٹی کے سینئر قائدین سے ملاقات اور تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ حالیہ سیلاب اور زلزلہ میں مرنے والوں کو خراج پیش کرنے آئے تھے ۔ نریندر مودی کے بین الاقوامی دوروں پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کو مسلسل آفات سماوی کا سامنا ہے اور وزیر اعظم ٹیکس دینے والوں کی رقومات کا بیجا استعمال کرتے ہوئے بیرونی دوروں میں مصروف ہیں۔ چاہے یہ منگولیہ ہو ‘ جنوبی کوریا ہو‘ چین ہو یا آسٹریلیا ہو ‘ کینیڈیا ہو یا امریکہ وزیر اعظم ہر ملک کا دورہ کرنے میں مصروف ہے ۔ملک میں شدید زرعی بحران کا سامنا کرنے والے علاقوں کا نریندر مودی نے اب تک دورہ نہیںکیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے پاس سیاحوں کے ساتھ تصاویر بنانے کیلئے وقت ہے لیکن کسانوں سے ملاقات کیلئے وقت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا رویہ صرف کسانوں کے ساتھ نہیں بلکہ سارے ملک کے عوام کے ساتھ بھی ایسا ہی ہے ۔ انہوں نے اپنے قول و فعل کے ذریعہ ملک کے عوام اور ہر شعبہ سے وابستہ افراد کو دھوکہ دیا ہے ۔