ونپرتی میں بی جے پی کی رکنیت سازی مہم، ریاستی نائب صدر کا خطاب
ونپرتی /16 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) 2019ء کے انتخابات کے بعد مرکز اور ریاست میں بی جے پی حکومت قائم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی نائب صدر ناگو راؤ ناموجی نے کیا۔ مستقر ونپرتی کے ایم بی گارڈن فنکشن ہال میں رکنیت سازی مہم کے سلسلے میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی ہندوستان کو دنیا کا ترقی یافتہ ملک بنانے کوشاں ہیں۔ سابق حکومتوں نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام پر بوجھ ڈالا تھا، جس کی وجہ سے عوام نے بی جے پی کو اقتدار سونپا۔ انھوں نے کہا کہ نریندر مودی زیر قیادت حکومت تشکیل پانے کے بعد 6 ماہ کے عرصہ میں 7 مرتبہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی گئی۔ انھوں نے کہا کہ کے سی آر انتخابات سے قبل عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکے ہیں۔ انتخابات سے قبل دلت طبقہ سے تعلق رکھنے والوں کو چیف منسٹر کا عہدہ دینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن وہ اپنے کئے گئے وعدہ کو بھول کر خود چیف منسٹر بن گئے۔ کے سی آر نے 6 ماہ کے عرصہ میں ایک بھی نئی اسکیم شروع نہیں کی، جب کہ پرانی اسکیموں کی کٹوتی کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ محبوب نگر ضلع میں زیر تعمیر کلوا کرتی نٹیم پاڑ بھیما کوٹل ساگر کی جلد تکمیل کی بجائے جورالا پاکالا پراجکٹ کی تعمیر کا فیصلہ نامناسب ہے۔ علاوہ ازیں ریاست کے برقی بحران کو ختم کرنے کے لئے تین سال لگنے کا اعلان مضحکہ خیز ہے۔ انھوں نے کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ محنت اور جستجو کے ساتھ پارٹی کے لئے کام کریں اور رکنیت سازی مہم میں حصہ لے کر 2019ء کے عام انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی کے لئے کوشش کریں۔ اس موقع پر میونسپل وائس چیرمین بی کرشنا، ونپرتی انچارج سی وینکٹ ریڈی، ستیہ راملو، نارائنا پربھاکر، کمار سوامی کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔