نرمل کے عوام کو خوشخبری ، عنقریب ریلوے لائن کی منظوری

پورے ضلع میں پختہ سڑکوں کا جال بچھایا جائے گا ، اندرا کرن ریڈی کا انکشاف
نرمل۔ 30 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نرمل ضلع کو مثالی ضلع بنایا جائے گا۔ فنڈز کی فراہمی کیلئے وزیراعلیٰ چندرا شیکھر راؤ نے تیقن بھی دیا ہے اور مختلف اسکیمات پر تمام طبقات کی ترقی کیلئے عملی اقدامات ہورہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر قانون، امکنہ، انڈومنٹ اے اندرا کرن ریڈی نے اپنی رہائش گاہ پر ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں ریاست تلنگانہ کا ہر طبقہ ترقی کی سمت گامزن ہے۔ حکومت پر انتخابی وعدہ پر عمل کرتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن قائدین کا نام لئے بغیر کہا کہ ان مخالفین کو کوئی کام نہیں رہ گیا ہے۔ اس لئے ان کو ریاست کی ترقی بھی برداشت نہیں ہورہی ہے۔ ریاستی وزیر نے پرزور الفاظ میں کہا کہ ٹی آر ایس حکومت تلنگانہ کے ہر علاقہ اور ہر طبقہ کی ترقی کیلئے مثالی اقدامات کرتے ہوئے تاریخ ساز اسکیمات پر عمل آوری کے ذریعہ ایک مثال قائم کی۔ انہوں نے بتایا کہ مستقر نرمل کو ضلع میں تبدیل کئے جانے کے بعد اس علاقہ کی ترقی کیلئے کئی کروڑ روپئے کے فنڈز کی منظوری عمل میں آئی ہے۔ بہت جلد اس علاقہ میں بلدی حدود کے دیہی علاقوں میں ہر طرف سیمنٹ کی سڑکوں کا جال بچھا دیا جائے گا۔ ریاستی وزیر نے بتایا کہ بلدی حدود کی قومی شاہراہوں کو ترقی کے فنڈز کی اجرائی عمل میں آئی ہے۔ بہت جلد صوفی نگر تاسائی یا بابندا چوارستہ سے چٹیال اور منچریال سڑک پر ڈیوائیڈر کی تعمیر کرتے ہوئے سنٹر لائٹنگ نصب کئے جائیں گے جس کی وجہ ضلع نرمل کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا۔ ریاستی وزیر نے بتایا کہ ضلع نرمل کے لئے بہت جلد ٹریفک پولیس، اسٹیشن کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ یہ فیصلہ نرمل میں بڑھتی ہوئی ٹریفک کے تناظر میں کیا گیا۔ انہوں نے نرمل کے عوام کو یہ خوشخبری دی کہ برسوں کی دیرینہ ضرورت کا خواب اب بہت جلد پورا ہوگا۔ وہ یہ کہ نرمل ضلع میں ریلوے لائن کی بہت جلد منظوری مل جائے گی۔ اس سلسلے میں مرکزی اور ریاستی حکومت کے مابین معاہدہ پر دستخط ہوں گے۔ اس پراجیکٹ کی تکمیل کیلئے درکار رقم کا نصف حصہ ریاستی حکومت ادا کرنے پر تیار ہوگئی ہے جبکہ آرمور سے عادل آباد کو ریلوے لائن مل جانے سے اس علاقہ میں ترقی اور ملازمتوں کے راستہ اور بھی کھل جائیں گے۔ ریاستی وزیر اے اندرا کرن ریڈی نے کہا کہ وہ اپنے حلقہ کو مثالی حلقہ میں تبدیل کرنے کے لئے کوئی کسر باقی نہیں رکھیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں ٹی آر ایس بہت بڑی طاقت بنتے ہوئے شاندار کارکردگی کی بنیاد پر بھاری اکثریت سے اقتدار حاصل کرے گی۔