نرمل میں ڈینگو بخار کی دہشت

طبی سہولتوں کا فقدان ، عوام کو شدید تکالیف کا سامنا
نرمل ۔ /27 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر عادل آباد میں ایک ہفتہ سے موت ڈینگو بخار کی شکل میں سڑکوں گلیوں میں رقص کررہی ہے ۔ عوام میں خوف و ہراس کا ماحول ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ رمس دواخانہ عادل آباد میں سہولتوں کا فقدان ہے جس کے پیش نظر مریضو ںکو شدید تکالیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ ڈینگو جیسی بیماری کی تشخیص کیلئے خاطر خواہ سہولتیں نہ ہونے کی وجہ عوام بالخصوص مریضو ںکو شدید تکالیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ اس ضمن میں کانگریس کے سینئر اقلیتی قائد مسٹر ساجد خاں عوام کے درمیان رہتے ہوئے مسلسل ضلع کلکٹر کو دواخانہ کی حالت زار پر توجہ دلاتے ہوئے دواخانہ میں مریضوں سے ملاقات کرتے ہوئے تعاون کررہے ہیں ان کی رہنمائی میں مصروف ہیں ۔ سوال یہ ہے کہ اس وقت حکومت کو چاہئیے کہ فوری سینئر ڈاکٹرس کی ٹیمیں عادل آباد مستقر پر روانہ کرتے ہوئے اس مہلک مرض کے خاتمہ کی خاطر ٹھوس اقدامات کرے ۔ آج عام آدمی بھی معمولی بخار آجائے تو اس خوف سے پریشان ہے کہ کہیں مجھے ڈینگو بخار تو نہیں ہوگیا ۔ ضلع مستقر عادل آباد میں RIMS جیسے دواخانہ میں سہولتوں کا فقدان اس پر مریضو ںکی کثیر تعداد کی وجہ کئی ایک مسائل درپیش ہیں ۔ ایک مچھر نے عوام کا سکون و چین چھین لیا ہے ۔ ایسے ماحول میں نمائندگیاں بے اثر ہورہی ہیں ۔ حکومت کو چاہیے کہ جنگی پیمانہ پر اس مرض پر قابو پاتے ہوئے ٹھوس قدم اٹھائے ۔ دریں اثناء نمائندہ سیاست سید جلیل ازہر نے نرمل کے ایریا ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سریش سے ڈینگو کے کیس کے بارے میں بات چیت کی تو انہوں نے بتایا کہ نرمل ضلع مستقر پر ابھی تک تو ایسا کوئی مریض دواخانہ سے رجوع نہیں ہوا ہے جس کو ڈینگو بخار ہوا ہو۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ معمولی بخار بھی آجائے تو فوری خون کا معائنہ کروائیں اور دواخانہ سے رجوع ہوں ۔ تمام تر سہولتیں ایریا ہاسپٹل میں موجود ہیں ۔