نرسنگ ہومس کا کوڑا کرکٹ سڑک پر پھینکنے کیخلاف انتباہ

نظام آباد:21؍ مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)میونسپل ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد سراج الدین نے آج خلیل واڑی کے علاقہ میں نرسنگ ہومس، حیدرآباد روڈ، ونائیک نگر کے علاقہ میں دھاوے کرتے ہوئے 11 ہزار روپئے کے جرمانہ عائد کئے ۔ انہوں نے بتایا کہ خلیل واڑی میں واقع نرسنگ ہومس دواخانوں سے نکلنے والے ناکارہ اشیاء کو سڑک پر ڈالتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور ان ڈاکٹروں کیخلاف کارروائی کرنے کیلئے ارادہ کرتے ہوئے انہیں طلب کیا اور نرسنگ ہوم کے پریسیڈنٹ ڈاکٹر رام چندر کو بھی طلب کرتے ہوئے نرسنگ ہومس کے ڈاکٹرس کی جانب سے کی جانے والی حرکتوں کے بارے میں واقف کرواتے ہوئے ان کیخلاف کارروائی کرنے کا ڈاکٹر سراج الدین نے ارادہ ظاہر کرنے پر نرسنگ ہومس کے ڈاکٹرس نے ان سے معذرت خواہی کرتے ہوئے 28؍ مئی تک موقع فراہم کرنے کی خواہش کی جس پر ڈاکٹر سراج الدین نے 28 ؍مئی کے بجائے 31؍ مئی تک موقع دینے کا ارادہ ظاہر کیا ۔ڈاکٹر سراج الدین نے حیدرآباد روڈ پر واقع ٹفن سنٹرس اور دکانات پر بھی دھاوے کرتے ہوئے غیر قانونی طورپر استعمال کئے جانے والے دو گیس سلنڈرس کو ضبط کرلیااور کرانہ دکان میں گٹکھا اور پلاسٹک فروختگی پر کارروائی کرتے ہوئے گٹکھا کو ضائع کردیا۔ ٹفن سنٹرس اور کرانہ شاپس سے جملہ 11 ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا۔ اس موقع پر سائنٹری انسپکٹر دھنا گوڑ، نٹراج گوڑ بھی موجود تھے ۔

پروفیسر ویرا ریڈی، انچارج وائس چانسلر تلنگانہ یونیورسٹی
نظام آباد:21؍ مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)تلنگانہ یونیورسٹی کے انچارج وائس چانسلر کی حیثیت سے کریم نگر شاتا بہانہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ویرا ریڈی نے جائزہ حاصل کیا۔ واضح رہے کہ وائس چانسلر تلنگانہ یونیورسٹی پروفیسر اکبر علی خان ایک ماہ کیلئے امریکہ کے دورہ پر گئے ہوئے ہیں ان کی جگہ ویرا ریڈی کو انچارج وائس چانسلر کی حیثیت سے تقرر کئے جانے پر یہ اپنا جائزہ حاصل کرلیا۔