نرسنگ ہاسپٹل میں سمیت غذا سے 30نرسیس متاثر

حیدرآباد۔16 اپریل ( سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے سرکاری دواخانوں کی ترقی اور عوام کیلئے مثالی سہولیات فراہم کرنے کے منصوبہ کو خود سرکاری عہدیداروں کی جانب سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ عثمانیہ جنرل ہاسپٹل حال ہی میں کتوں کی بہتات سے سرخیوں میں رہا ‘ اب نرسنگ ہاسپٹل میں سمیت غذا کا واقعہ منظر عام پر آیا ۔ 30 طالبات متاثر ہوئیں‘ تین کی حالت تشویشناک ہے ۔ عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کی نرسنگ طالبہ کی صحت آج صبح اچانک بگڑ گئی ‘ یکے بعد دیگر نرسنگ شعبہ کی تقریباً 30طالبات سمیت غذاء سے شدید طور پر متاثر ہوگئیں ۔ طالبات کا کہنا ہے کہ وہ گذشتہ کئی روز سے باورچی خانے کی صفائی اور نرسنگ ڈپارٹمنٹ پر توجہ کی درخواست کررہی ہیں اور بارہا باورچی خانے کی صفائی پر متعلقہ عہدیداروں کو توجہ دلائی گئی ‘ تاہم ارباب مجاز کی مبینہ لاپرواہی آج علاج کرنے والی طالبات کی صحت پر بن آئی۔
بتایا جاتا ہے کہ تشویشناک حالات میں زیر علاج تین طالبات کی صحت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔