سیاسی جماعتوں میں اختلافات، حکومت کی توجہ عوامی رائے پر مرکوز
نرسا پور۔/7ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نرسا پور حلقہ کو ضلع میدک میں شامل کرتے ہوئے ریونیو ڈیویژن تشکیل دینے کا مطالبہ شدت اختیار کرگیا ہے۔ آج اس خصوص میں سیاسی پارٹیوں نے نرسا پور میں بند منایا، تجارتی ادارے اور بازار بند کرواتے ہوئے اسکولس کو بھی چھٹی دے دی گئی تھی۔ یاد رہے کہ نئے اضلاع کی تشکیل میں نرسا پور کو سنگاریڈی ضلع میں شامل کیا گیا ہے جبکہ سوائے کانگریس پارٹی کے دیگر تمام سیاسی جماعتیں نرسا پور کو ضلع میدک میں شامل کرنے اورنرسا پور کو ریونیو ڈیویژن تشکیل دینے کا مطالبہ کررہے ہیں تاہم نرسا پور کی سیاسی جماعتوں میں اختلاف پایا جاتا ہے۔ آج ایک طرف نرسا پور میں بند منایا گیا تو دوسری طرف کانگریس نے دولت آباد چوراہے پر احتجاج منظم کیا۔کانگریس پارٹی کا مطالبہ ہے کہ ہتنورہ منڈل کو سنگاریڈی ضلع میں رکھا جائے۔ سیاسی جماعتوں کے اختلافات کے درمیان حکومت عوامی رائے پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔ ریونیو ڈیویژن کی تشکیل سے نرسا پور کی ترقی کے آثار مزید روشن ہوسکتے ہیں۔ جبکہ سنگاریڈی کی موجودہ کلکٹریٹ سے نرسا پور قریب تر پایا جاتا ہے۔ اس احتجاج اور بند میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی، تلگودیشم، سی پی آئی، سی پی ایم، بی ایس پی اور دیگر جماعتوں کے قائدین بشمول حبیب خان سینئر قائد ٹی آر ایس، ایم پی پی سرینواس گوڑ، اشوک گوڑ، احمد نواز خان، محمد علی خسرو، ٹی ایم خالق سینئر قائد سی پی آئی، محمد شرف الدین، لکشمی بائی و دیگر موجود تھے۔