نجم سیٹھی کی بدولت یونس خان کو ایک اور موقع

کراچی۔ 10جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے سلیکشن کمیٹی اور ٹیم انتظامیہ کو درخواست کی کہ وہ یونس خان کو ونڈے ٹیم میں شامل کرنے کے لئے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔اس طرح یونس خان کو ایک اورموقع مل گیا۔میڈیا نے قبل ازیں یونس خان کو خارج کرنے کی خبر دی تھی۔معین خان کی صدارت میں 6 رکنی سلیکشن کمیٹی ،کپتان مصباح الحق اور ہیڈ کوچ وقار یونس نے جو ٹیم منتخب کی تھی اس میں یونس خان کا ونڈے اسکواڈ میں نام شامل نہ تھا۔نجم سیٹھی نے اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے معین خان اور وقار یونس سے کہا کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔میں دونوں کا شکر گذار ہوں کہ انہوں نے میری درخواست قبول کی۔