اسلام آباد۔21 مئی (سیاست ڈاٹ کام )سپریم کورٹ آف پاکستان نے ذکا اشرف کی بحالی کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے نجم سیٹھی کی بطور چیئرمین پی سی بی بحالی کا حکم دے دیا۔ عدالت نے پی سی بی کی انتظامی کمیٹی کو بھی بحال کرنے کا حکم دیا ہے۔اسلام آبادہائیکورٹ نے ذکااشرف کی بطورچیئرمین پی سی بی بحالی کا فیصلہ دیا تھا، جس کے خلاف وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے عاصمہ جہانگیر نے اپیل دائر کی تھی۔ اپیل میں استدعا کی گئی تھی کہ ذکا اشرف کی بحالی کا اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے،تمام اراکین اورچیئرمین نجم سیٹھی کوایس آر او کے مطابق بحال کیا جائے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے پی سی بی پر ناموافق اثرات مرتب ہوں گے۔
پریرا کا آل راؤنڈ مظاہرہ ، سری لنکا فاتح
لندن۔ 21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) تسہارا پریرا نے آل راؤنڈ مظاہرہ کیا اور سری لنکا نے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف ہوئی شکست کا حساب برابر کرتے ہوئے یہاں اوول میں منعقدہ ٹوئنٹی 20 مقابلے میں 9 رنز کی کامیابی حاصل کی۔ مین آف دی میچ پریرا نے تیز رفتار 49 رنز اسکور کئے جس کی بدولت ٹوئنٹی 20 کی عالمی چمپین ٹیم نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز اسکور کئے نیز اہم موقع پر پریرا نے حریف کپتان ایان مرگن کی وکٹ حاصل کی۔ ورلڈ کپ میں سری لنکا کو جو شکست ہوئی تھی ، اس میں ایلیکس ہالیس نے انگلینڈ کے لئے ٹوئنٹی 20 میں سنچری بنانے والے پہلے کھلاڑی ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا، لیکن اس مرتبہ ان کی جانب سے 41 گیندوں میں 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے بنائے جانے والے 66 رنز انگلش ٹیم کو کامیابی نہیں دلوا پائے۔ کپتان ملنگا نے 28 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے انگلش ٹیم کو کافی پریشان کیا۔