محبوب نگر۔/31مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نجمہ ہبت اللہ تجربہ کار ہونے کے باوجود اقلیتوں کی پسماندگی کو نہیں جانتیں۔ جبکہ تمام کمیٹیوں کی رپورٹ میںمسلمانوں کے پسماندہ اور پچھڑے ہونے کو ظاہر کیا گیا ہے۔ محمد محسن خان سابق صدر ٹی آر ایس مائناریٹی سل نے مرکزی وزیر برائے اقلیتی بہبود نجمہ ہبت اللہ کے حالیہ بیان کی سخت مذمت کی ہے۔ مسلمانوں کو تحفظات کی مخالفت اور پھر سچر کمیٹی ، رنگناتھ مشرا کمیشن کی سفارشات پر عمل آوری کی مخالفت نامناسب بات ہے۔ تحفظات مسلمانوں کو ذات کی بنیاد پر نہیں بلکہ پسماندگی کی بنیاد پر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نجمہ ہبت اللہ کو عوامی خدمات کا کوئی تجربہ نہیں ہے ، کانگریس سے وابستگی کے دور میں بھی وہ راجیہ سبھا تک محدود رہیں۔ اب وہ اپنے وزارتی عہدہ سے انصاف کرتے ہوئے پچھڑے اور پسماندہ مسلمانوں کی ترقی کیلئے اقدامات اٹھائیں۔ اگر بی جے پی حکومت مسلمانوں کی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے دی جانے والی مراعات میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کرے گی تو تمام سیکولر جماعتیں احتجاج پر اُتر آئیں گی۔ اس موقع پر ظفر اللہ صدیقی، حافظ محمد ادریس، محمد عثمان، انور حسین ظفر و دیگر کارکنان موجود تھے۔