ممبئی 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) صدر بی جے پی امیت شاہ نے کبھی کہا تھا کہ بہار میں نتیش کمار کو ووٹ دیں اور وہ کامیاب ہوجائیں تو پاکستان کو خوشی ہوگی۔ گزشتہ روز بی جے پی کی تائید سے دوبارہ چیف منسٹر بننے والے نتیش کمار اور اُن کی حلیف پر طنز کرتے ہوئے شیوسینا نے آج کہاکہ شاید بہار کی اِس سیاسی تبدیلی سے پاکستان خوش ہوگیا ہے۔ سینا نے اپنے ترجمان اخبار ’سامنا‘ کے اداریہ میں کہاکہ آج سیاست میں اخلاق اور نظریات نام کی کوئی چیز نہیں رہی، وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی سربراہ امیت شاہ نے اپوزیشن سے وزارت عظمیٰ کا چہرہ عملاً چھین لیا ہے۔ امیت شاہ نے نتیش کمار کے تعلق سے ریمارکس بہار کے گزشتہ اسمبلی انتخابات کے موقع پر کئے تھے جب جے ڈی (یو) ، آر جے ڈی اور کانگریس پر مشتمل عظیم اتحاد کا بی جے پی سے مقابلہ ہوا تھا اور آخرالذکر کو واضح شکست ہوئی۔