پٹنہ ۔25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام)چیف منسٹر بہار نتیش کمار قانون ساز اسمبلی کے 179 ویں سیشن کے آغاز پر 11 مارچ کو اعتماد کا ووٹ حاصل کریں گے اور ان کی حکومت اگلے روز ریاستی بجٹ پیش کرے گی۔ اعتماد کا ووٹ لینے سے متعلق فیصلہ آج نتیش کمار کی بحیثیت چیف منسٹر چوتھی میعاد کی پہلی کابینی میٹنگ میں کیا گیا، جس کی صدارت خود نتیش کمار نے کی۔ 11 مارچ کو گورنر کیسری ناتھ ترپاٹھی قانون ساز اسمبلی اور قانون ساز کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔
میں مزید انتخابات نہیں لڑوں گا : دیوے گوڑا
نئی دہلی ۔25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام)سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے آج لوک سبھا میں کہاکہ وہ مستقبل میں کوئی الیکشن نہیں لڑیں گے۔ ’’میں مزید انتخابات میں مقابلہ نہیں کروں گا ‘‘ 82 سالہ لیڈر نے صدرجمہوریہ کے خطبہ پر تحریک تشکر کے بارے میں مباحث کے دوران یہ بات کہی۔ سینئر جنتادل (سیکولر) لیڈر نے عملاً سرگرم سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں ہمیشہ ہی اتار چڑھاؤ ہوتے ہیں۔ ’’15 انتخابات کے منجملہ میں صرف 2 ہارا ہوں‘‘۔