پٹنہ ۔6 ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) سینئر بی جے پی لیڈر سشیل کمار مودی نے چیف منسٹر بہار نتیش کمار پر بنگلہ خالی نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جو اُنھیں بحیثیت سابق چیف منسٹر مختص کیا گیا تھا ۔ انھوں نے کہاکہ نتیش کمار اپنی نئی سرکاری رہائش گاہ منتقل ہوگئے ، اُس کے باوجود انھوں نے جو بنگلہ بحیثیت سابق چیف منسٹر دو سال قبل مختص کیا گیا تھا اب تک اس کا تخلیہ نہیں کیا۔ انھوں نے آج اپنی رہائش گاہ پر ہفتہ وار جنتادربار کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اُصولاً چیف منسٹر کو دو سرکاری رہائش گاہ اپنی تحویل میں نہیں رکھنا چاہئے ۔ اُنھیں فوری ایک بنگلہ خالی کردینا چاہئے۔ سینئر بی جے پی لیڈر نے چیف منسٹر پر تزئین نو اور ہائی ٹیک کمیونکیشن نٹورک کی تنصیب کے نام پر کروڑہا روپئے ضائع کرنے کا الزام عائد کیا۔ سابق ڈپٹی چیف منسٹر نے کہاکہ نتیش کمار دوہرا معیار اختیار کئے ہوئے ہیں اور وہ جہاں دو بنگلے اپنی تحویل میں رکھے ہوئے ہیں وہیں تزئین کے نام پر بیجا مصارف بھی کررہے ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ مرمت اور دیکھ بھال کے نام پر یہ رقم خرچ کرنے کی ضرورت ہی نہیں ہے ۔