پٹنہ ۔ 19 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) جنتادل(یو)کے ایک سینئر قائد نے سابق چیف منسٹر نتیش کمار پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں سیاست سے دستبردار ہوجانے کا مطالبہ کیا۔ راشٹریہ جنتادل کے صدر لالو پرساد نے کہا تھا کہ نتیش کمار اتحاد قائم کرنے کیلئے ان کے پیروں پر گرگئے تھے۔ سینئر جنتادل (یو) قائد شکونی چودھری نے جن کے فرزند سمراٹ چودھری جتن رام مانجھی حکومت میں وزیر ہیں، اس تبصرہ پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایک پر یس کانفرنس کے دوران کہا کہ لالو پرساد اور نتیش کمار مغرور ہوگئے ہیں اور ان کی توہین کر رہے ہیں۔ یہ دونوں ماضی میں ان کے پاس مدد طلب کرنے آیا کرتے تھے لیکن اب غرور میں غرق ہوگئے ہیں اور انہیں فراموش کرچکے ہیں۔ آر جے ڈی کے صدر کی بھاگلپور میں تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نتیش کمار کو بی جے پی نے اغواء کرلیا تھا اور ان کی قید سے رہا ہونے کیلئے نتیش کمار کو 17 سال لگ گئے۔ وہ اتحاد کیلئے میرے پیروں پر گر گئے تھے۔ ایک بڑے بھائی کی حیثیت سے میرے سامنے نتیش کمار کی درخواست قبول کرنے کے سوائے کوئی اور چارہ نہیں تھا۔ چودھری نے کہا کہ لالو پرساد کے ایسے بیان کے بعد بھی کیا نتیش کمار کی عزت نفس برقرار ہے۔ انہیں اگر اپنی عزت پیاری ہے تو سیاست سے ترک تعلق کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام انتخابی جلسوں میں لالو پرساد اپنا یہ بیان دہرا رہے ہیں ۔یہ دعویٰ صرف ایک جلسہ میںنہیں کیا گیا ہے۔