پٹنہ ۔ 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نتیش کمار حکومت نے آج عوام پسند 34 فیصلوں کو جو سابق چیف منسٹر جتن رام مانجھی نے استعفیٰ دینے سے چند دن قبل گذشتہ کابینہ کے تین اجلاسوں میں کئے تھے، منسوخ کردیئے۔ چیف منسٹر نتیش کمار کی زیرصدارت منعقدہ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں مانجھی کے مقبول عام فیصلوں کو منسوخ کردیا گیا۔ پرنسپل سکریٹری کابینی ہم آہنگی بی پردھان نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اگر ان میں سے کوئی فیصلہ اہم ہو تو اس کے بارے میں کابینہ کے مجوزہ اجلاس سے پہلے حکومت کو اطلاع دی جاسکتی ہے تاکہ اسے آئندہ کارروائیوں میں غور کیلئے شامل کیا جائے۔ مانجھی کابینہ نے گذشتہ 3 اجلاسوں میں جو 10 ، 18 اور 19 فبروری کو منعقد ہوئے تھے، کئی مقبول عام تجاویز کی منظوری دی تھی لیکن طریقہ کار کے مطابق ان کی تحریری توثیق نہیں کی جاسکی۔ ان فیصلوں کو منسوخ کرتے ہوئے چیف منسٹر نے ترقیاتی اسکیموں کے تحت ارکان اسمبلی کے فنڈ میں اضافہ کردیا۔