گلبرگہ : /3 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری ہری پرساد نے گلبرگہ میں صدر کانگریس محترمہ سونیا گاندھی کی آمد کے موقع پر منعقد کئے گئے عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نتھو رام گوڈسے جس نے مہاتما گاندھی جی کو گولیاں چلا کرشہید کردیا تھا ہندوستان کا پہلا دہشت گرد تھا۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات کا ذکر کرنے والی بی جے پی کے لیڈر نتھو رام گوڈسے کا نام کیوں نہیں لیتے۔انھوں نے کہاکہ دراصل بی جے پی اس ملک میں ذات پات کے نام پر فرقہ پرستی پھیلا رہی ہے۔اور اسی فرقہ پرستی کے بل بوتے اقتدار پر قابض ہونا چاہتی ہے۔ گجرات مین سینکڑوںافراد کے قتل عام کے بعد اب نریندر مودی وزیر اعظم کے دعوے دار بن کر ابھرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ مسٹر ہری پرساد نے کہا کہ جہاں تک دہشت گردی کا تعلق ہے بی جے پی ہمیشہ ایک ہی مذہب کے لوگوںکو دہشت گردی کا ذمہ دار قرار دیتی ہے
جبکہ حقیقت یہ ہے کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہے یہ دوسرح مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگوں میں بھی پائی جاتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ دراصل بی جے پی ذات پات اور فرقہ پرستی کی بنیاد پر اس ملک کے لوگوں میں پھوٹ ڈال کر اقتدار حاصل کرنا چاہتی ہے۔ انھوں نے عوام سے پر زور اپیل کی کہ وہ ملک کی ترقی اور سلامتی کے لئے آنے والے پارلیمانی انتخابات میں فرقہ پرست طاقتوں کا منہ توڑ جواب دیں اور کانگریسی امیدواروںکو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔
٭ ٭ ٭