نئی دہلی ۔ /4 جون (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر گوپی ناتھ منڈے کی سڑک حادثے میں ہلاکت کے بعد مرکزی وزیر نتن گڈکری کو دیہی ترقیات ، پنچایت راج اور پینے کے پانی و صفائی کی زائد ذمہ داری دی گئی ہے ۔ نتن گڈکری روڈ ٹرانسپورٹ ، ہائی ویز اور جہاز رانی کے وزیر ہیں ۔
یوپی اے کا اجلاس منڈے کی موت پر ملتوی
نئی دہلی 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس سونیا گاندھی نے کل مقرر یوپی کا ظہرانہ ملتوی کردیا کیونکہ مرکزی وزیر گوپی ناتھ منڈے کا ایک ٹریفک حادثہ میں انتقال ہوگیا ہے۔ پارٹی کے معتمد عمومی جناردھن دیویدی نے کہا ہے کہ 5 جون کو مقرر ظہرانہ کا پروگرام ملتوی کردیا گیا ہے اور 10 جون کو اِس کا اہتمام کیا جائے گا۔ ذرائع کے بموجب قیادت نے سانحہ کے فوری بعد ظہرانہ کے اہتمام کو مناسب نہیں سمجھا۔ ظہرانہ میں یوپی اے کے تمام ارکان پارلیمنٹ کو مدعو کیا گیا تھا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ جس میں لوک سبھا انتخابات میں ناکامی پر غور کیا جائے گا اور مختصر مباحث ہوں گے۔
صدرجمہوریہ کا آج سے دو روزہ دورہ مغربی بنگال
نئی دہلی 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کل دو روزہ دورہ مغربی بنگال پر روانہ ہوں گے جہاں وہ ماہر تعلیم آچاریہ ستیش چندر مکرجی کی 150 ویں یوم پیدائش تقریب کا افتتاح کریں گے اور ایک دوسری تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ صدرجمہوریہ کی نئی دہلی واپسی جمعہ کے دن مقرر ہے۔