ناکام ترکی فوجی بغاوت : 62 فوجیوں کے خلاف مقدمہ کا آغاز

استنبول۔23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) گزشتہ سال ملک میں ناکام فوجی بغاوت میں ملوث درجنوں افسران اور سپاہیوں کے خلاف مقدمہ کا آغاز کیا گیا۔ 28 افسران اور 34 پرائیویٹس (عہدہ) نے فوجی بغاوت کی شب کو استنبول کے صبیحہ گوکین ایرپورٹ پر اپنا کنٹرول قائم کرلیا تھا۔ ان پر عائد کئے گئے الزامات اگر درست ثابت ہوئے تو انہیں سزائے عمر قید دی جاسکتی ہے۔ البتہ کچھ ملزمین نے ان پر لگائے گئے الزامات کی تردید کی ہے۔ ان کا استدلال ہے کہ انہیں یہ باور کروایا گیا کہ وہ تمام ایک مشق میں حصہ لے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ ترکی نے ناکام فوجی بغاوت میں امریکہ میں مقیم مسلم عالم دین فتح اللہ گولن کو کلیدی ملزم قرار دیا ہے جبکہ خود گولن نے بھی بارہا کہا ہے کہ فوجی بغاوت میں اس کا کوئی ہاتھ نہیں۔ ترکی میں فوجی افسران کا یہ پہلا مقدمہ ہے جس کی سماعت کی جارہی ہے جبکہ 29 پولیس اہلکاروں پر ملک کے صدر کا تحفظ کرنے میں ناکام ہونے پر پہلے ہی مقدمہ چلایا جارہا ہے۔