ناندیڑ۔11فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ملک میں عنقریب پارلیمانی انتخابات 2014ء کابگل بجنے والا ہے جس کی وجہ سے ملک کی تمام سیاسی پارٹیاں اقلیتوں کو بالخصوص مسلمانوں کو خوش کرنے کیلئے نت نئے طریقے آزمارہی ہیں۔ ناندیڑ شہر میں بھی پارلیمانی انتخابات 2014ء کے پیش نظربر سر اقتدار پارٹی کے قائدین بھی مسلمانوں کو خوش کرنے کیلئے کئی طرح کی تدابیر کا استعمال کررہے ہیں۔ مہاراشٹرکے سابق وزیر اعلیٰ اشوک رائو چوہان نے گزشتہ روز ایک اجلاس کے موقع پر شہر میں ریاست کے پہلے اُردو گھر کا ناندیڑ میں جلد ہی تعمیری کا م شروع ہونے کی تیقن دہانی کرائی۔ اس اجلاس میں ریاست کے وزیر سر پرست ڈی پی ساونت ، رکن اسمبلی اوم پرکاش پوکرنا ، امر راجور کر ، ایم پی بھا سکررائو پاٹل ، میئر عبدالستار موجود تھے۔ مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ شری اشوک رائو چوہان جب اعلیٰ سیاسی عہدے پر فائض تھے تب انہوں نے اُردو کی ترقی کیلئے مہاراشٹر کے کچھ کثیر آبادی والے مسلم شہروں میں اُردو گھر تعمیر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ لیکن شہر میں اُردو گھر کی تعمیر سے متعلق یہ کام پچھلے کئی مہینوں سے جوں کے توں ٹھپ پڑے ہوئے تھے۔ضلع انتظامیہ اور سیاستی قائدین اکثر و بیشتر اُردو گھر کی تعمیر سے متعلق عدم توجہی اور سُست روی کا مظاہرہ پیش کررہے تھے۔
کبھی وہ اُردو گھر کی اراضی اور بجٹ منظور نہ ہونے کا بہانا بناتے تو کبھی وہ دیگر بہانے بنا کر اس موضوع کو سرے سے نظر انداز کردیتے ۔پارلیمانی انتخابات 2014ء کی تاریخ جیسے جیسے قریب آرہی ہے ویسے ہی تمام سیاسی پارٹیاں مسلمانوں کو خوش کرنے میں مگن ہیں۔ حال ہی کے دنوں میں مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ اشو ک رائو چوہان نے ایک اجلاس میں اُردو گھر کی جلد ازجلد تعمیر کئے جانے کا تیقن دیا۔ناندیڑمیں اُردو گھر تعمیر کرنے کیلئے اشوک رائو چوہان کی قیادت میں ضلع انچارج وزیر ڈی پی ساونت ، رکن اسمبلی اوم پرکاش پوکرنا ، امر راجور کر ، ایم پی بھا سکررائو پاٹل ، میئر عبدالستار نے مسلسل اُردو گھر کیلئے نمائندگی کی تھی۔ گزشتہ ماہ منترالیہ میں سیکریٹری سطح کی کمیٹی نے ناندیڑ اُردو گھر کیلئے 8کروڑ 16لاکھ روپئے کے فنڈ کو منظور ی دی تھی اور اب باقاعدہ گزشتہ کل ناندیڑ شہر کے مدنیہ نگر علاقہ میں بنجارہ ہاسٹل پر نئے اُردو گھر کی تعمیراتی کام کے خاکہ کا جی آر جاری کردیا گیا ہے جس میں تعمیری کام کی تمام تر تفصیلات موجود ہے ۔ 8کروڑ 16لاکھ روپئے کی لاگت سے دیگلور ناکہ علاقہ میں عالیشان اُردو گھر تعمیر ہونے والا ہے جس میں نشستوں والا کانفرنس ہال ، لائبریری ، اسٹڈی روم، مہمانوں کی رہائش کیلئے وی آئی پی سوٹ ، مشاعرے ، ڈرامہ وغیرہ کے انعقاد کیلئے منی تھیڑ ہال شامل رہے گا۔