ناقص فیلڈنگ سے کے کے آر کے خلاف شکست ہوئی :موڈی

کولکتہ 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کے تنہا ذمہ دار ہونے کو مسترد کرتے ہوئے سن رائزرس حیدرآباد کے کوچ ٹاموڈی نے کہا ہے کہ کے کے آر کے خلاف شکست کی مکمل ٹیم ذمہ دار ہے اور خصوصا ناقص فیلڈنگ کی وجہ سے شکست برداشت کرنی پڑی ہے ۔ کے کے آر کے خلاف شکست پر اظہار خیال کرتے ہوئے موڈی نے مزید کہا کہ آپ ہمیشہ اپنے عالمی معیار کے کھلاڑیوں سے بڑے ٹورنمنٹ میں بہتر مظاہرہ کی امید کرتے ہیں اور آئی پی ایل جیسے ٹورنمنٹ میں صرف ڈیل اسٹین ہی نہیں بلکہ ٹیم میں موجود عالمی شہرت یافتہ چند کھلاڑیوں نے امیدوں کے مطابق مظاہرے نہیںکئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ کو صرف بین الاقوامی کھلاڑیوں سے بہتر مظاہرہ کی امید باندھنی نہیں چاہئے بلکہ ہندوستانی کھلاڑیوں کو بھی مظاہرہ کرنا ہوگا ۔اسٹین کے ایک اوور میں یوسف پٹھان نے 26 رنز اسکور کئے تھے اور وہ 4 اوور میں 43 رنز دیتے ہوئے وکٹ حاصل نہیںکرپائے ۔