ناقدین کا کام تنقید کرنا :یوسف پٹھان

کولکتہ 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) آئی پی ایل کی تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ اپنے نام کرنے والے کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے جارحانہ بیٹسمین یوسف پٹھان نے اس شاندار اننگز کے بعد ناقدین پر جوابی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا کام صرف تنقید کرنا ہے اور وہ نہیں جانتے ہیں کہ میں کتنی سخت محنت کررہا ہوں ۔ ان پر حالیہ عرصہ میں ناقص مظاہرہ کے بعد کی جانے والی تنقیدوں پر جوابی تنقید کرتے ہوئے یوسف پٹھان نے کہا کہ عوام نہیں جانتے کہ میں اپنے مقصد کے حصول کیلئے کتنی سخت محتن کررہا ہوں کیونکہ ناقدین کا کام تنقید کرنا ہے جس کیلئے انہیں پیسے دیئے جاتے ہیں اور تنقید ان کا کام ہوتا ہے جبکہ مجھے کھیلنے کے پیسے ملتے ہیں اور میں کھیلتا ہوں۔ یوسف پٹھان نے کہا کہ وہی جانتے ہیںکہ ایک اوور میں 20 رنز اسکور کرنے کیلئے وہ کتنی سخت محنت کررہے ہیں۔ بروڈہ سے تعلق رکھنے والے آل راونڈر یوسف پٹھان جنہیں کولکتہ نائیٹ رائیڈرس نے 2.1 ملین ڈالرس کے عوض حاصل کیا ہے اور انہوں نے انتظامیہ کی جانب سے ان پر اعتماد کرتے ہوئے بھاری رقم خرچ کرنے کا صلہ دیتے ہوئے گذشتہ روز سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف 22 گیندوں میں 72 رنز اسکور کئے ہیں جس میں 7 چھکے بھی شامل ہیں۔

یوسف پٹھان کی اس تاریخ ساز اننگز کی بدولت کے کے آر نے 14.2 اوورس میں 161 رنز کا کامیاب تعاقب کرتے ہوئے ٹیموں کے جدول میںدوسرے مقام پر فائز چینائی سوپر کنگس سے یہ مقام چھین لیا ہے ۔پٹھان نے دنیا کے نمبر ایک فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کو 4،6،6،4،4،2کے ذریعہ ایک اور میں26رنز اسکور کئے ہیں۔یوسف نے کہا کہ دوپہر میں کیا کھایا وہ انہیں یاد نہیںتھا لیکن ان کے ذہن میں کپتان گوتم گمبھیر کی جانب سے انہیں دیا جانے والا نشانہ تھاجس کے ذریعہ ٹیم کو دوسرا مقام حاصل کرنا تھا۔